آزاد کشمیرضمنی الیکشن’ایل اے 3میرپور سے پی ٹی آئی،ایل اے 12 کوٹلی میں پیپلز پارٹی کامیاب

غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پی ٹی آئی کے یاسر سلطان 20ہزار 142ووٹ لے کر جیت گئے

ایل اے 12 کوٹلی میں پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری عامر یاسین نے 20356 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی

پاکستان مسلم لیگ(ن)کے چودھری سعید 11ہزار 608ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے

پی ٹی آئی امیدوار کی کامیابی پر کارکنان کا ڈھول کی تھاپ پر رقص،بھنگڑے ڈالے

عوام نے ایک پھر وزیراعظم عمران خان کے ویژن کو ووٹ دیا،وزیراعظم آزاد کشمیر عبدالقیوم نیازی کی یاسر سلطان کو کامیابی پر مبارکباد

میرپور/مظفر آباد(ویب  نیوز)آزاد کشمیر کے دوحلقوں میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں ایل اے 3میرپور اور اور ایل اے 12 کوٹلی سے تمام پولنگ سٹیشنز کا غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجہ آگیا ہے جس کے مطابق ایل اے 3میرپور سے پاکستان تحریک انصاف کے یاسر سلطان 20ہزار 142ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ ایل اے 12 کوٹلی میں پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری عامر یاسین نے18210 ووٹ لے کر نے فتح حاصل کرلی۔تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے 2 حلقوں ایل اے 12 کوٹلی اور ایل اے 3 میرپور پر ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ ہوئی۔ پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بلاتعطل جاری رہا۔ پولنگ کے دوران سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے، کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے فوج کو بھی تیار رہنے کا حکم دیا گیا تھا۔

ایل اے 3 میر پور میں رجسٹرڈ ووٹرز کی کل تعداد 85 ہزار 917 ہے، حلقے میں 148 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے، ایل اے 3میرپور کے تمام پولنگ کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پی ٹی آئی کے یاسر سلطان نے میدان مار لیا ہے جبکہ پاکستان مسلم لیگ(ن)کے چودھری سعید 11ہزار 608ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔ادھرایل اے 12 کوٹلی میں کل ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 6ہزار 428ہے، حلقے میں 198پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے تھے، جن میں سے 101پولنگ اسٹیشنز حساس ترین اور 36حساس قرار دیئے گئے تھے، یہاں پیپلز پارٹی کے عامر یاسین، پی ٹی آئی کے شوکت فرید ایڈووکیٹ اور راجہ ریاست خان کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہوا۔حلقے کے تمام پولنگ اسٹیشن کے غیر حتمی نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری عامر یاسین 20356ووٹ لے کر فاتح رہے جبکہ تحریک انصاف کے امیدوار شوکت فرید ایڈووکیٹ 13970ووٹ کے ساتھ دوسرے اور مسلم لیگ ن کے امیدوار راجہ ریاست 13289ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔ضمنی انتخاب کے دوران تحریک انصاف، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے امیدواران میدان میں تھے۔پی ٹی آئی امیدوار کی کامیابی پر کارکنان نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا اور بھنگڑے ڈالے، اس موقع پر کارکنان نے ایک دوسرے کو مٹھائی بھی کھلائی۔ ادھر وزیراعظم آزاد کشمیر عبدالقیوم نیازی نے ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی امیدواریاسر سلطان کو کامیابی پر مبارکباد دی ہے، اپنے بیان میں وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ عوام نے ایک پھر وزیراعظم عمران خان کے ویژن کو ووٹ دیا، وزیراعظم پاکستان عمران خان کشمیریوں کے محسن ہیں اور کشمیری اپنے محسن اورسفیرکواپنے لیے امیدکی کرن سمجھتے ہیں۔ وزیراعظم آزادکشمیر سردارعبدالقیوم نے کہا کہ آزاد کشمیرحکومت نے شفاف اور غیرجانبدارانہ الیکشن کویقینی بنایا ہے۔ضمنی انتخاب کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ، کسی بھی ناخوش گوار واقعے سے نمٹنے کیلئے 2 ہزارپولیس اہلکارسکیورٹی پرمامور کیا گیا۔147 پولنگ سٹیشنز میں سے 50 حساس اور 60 انتہائی احساس قرار دیئے گئے ۔ 242  رینجرز، 113 پاک فوج کے جوان کوئیک رسپانس کیلئے الرٹ رہے۔