لاہور(خصو صی رپورٹ)پاکستان کرکٹ بورڈ آئندہ سال قطرکے دالحکومت دوحہ کو اپنا ہوم وینیو بنانے پرغور کررہا ہے ، بورڈہوم سیریز کرانے کی منصوبہ بندی کررہا ہے۔مارچ2009میں لاہور میں سری لنکا کرکٹ ٹیم پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ نہیں ہورہی ہے۔ویسٹ اینڈ پارک دوحہ میں عید کی چھٹیوں میں ایشین الیون اور ورلڈ الیون کے درمیان ٹی ٹوئینٹی میچ کھیلا گیا جس میں برائن لارا،سنتھ جے سوریا،مرون اتا پاتو اور راشد لطیف ایکشن میں دکھائی دیئے۔ویسٹ اینڈ پارک کے چیئر مین منا ابراہیم المنا نے کہا ہے کہ ہم نے پاکستان کو اپنی ہوم سیریز اور پاکستان سپر لیگ کرانے کی پیشکش کی ہے۔سیکیورٹی صورتحال کی وجہ سے پاکستان اپنی ہوم سیریز متحدہ عرب امارات میں کررہا ہے۔امکان ہے کہ سستی ڈیل ہونے کی وجہ سے پاکستان دوحہ کو انٹر نیشنل وینیو کے طور پر متعارف کرائے گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایک اعلی افسر نے بھی دوحہ کا دورہ کیا اور امکان ہے کہ تفصیلات طے پانے کے بعد باضابطہ معاہدے پر دستخط ہو جائیں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے پاس تجرباتی طور پر پاکستان پر لیگ بھی دوحہ میں کراسکتا ہے۔دوحہ کے حکام پاکستان کو متحدہ عرب امارات کے مقابلے میں سستی پیشکش کررہے ہیں۔