SAPM for Youth Affairs Muhammad Usman Dar calls on Prime Minister Imran Khan at Islamabad on 2nd April, 2020

اسلام آباد (صباح نیوز)

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں اتحادو اتفاق کی فضا کو برقرار رکھنے کے لئے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا مشکل حالات میں نوجوانوں کا یہ جذبہ نہایت حوصلہ افزا اور لائق تحسین ہے نوجوان اس ملک کا سب سے بڑا اثاثہ ہیں۔ آزمائش کی ہر گھڑی میں پوری قوم نے بالعموم اور نوجوانوں نے بالخصوص ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔اس امر کا اظہار انھوں نے چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی اور معاون خصوصی برائے امور نوجوانان محمد عثمان ڈار سے الگ الگ ملاقاتوں میں کیا۔

چیرمین سینیٹ سے ملاقات میں کرونا وبا کو روکنے سے متعلق حکومتی اقدامات اور سیاسی ہم آہنگی سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیرِ اعظم سے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان محمد عثمان ڈار نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں معاون خصوصی نے وزیرِ اعظم کو وزیرِ اعظم COVID-19 ریلیف ٹائیگرز فورس میں رضاکارانہ طور پر شمولیت کے حوالے سے اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ عثمان ڈار نے وزیرِ اعظم کو بتایا کہ اب تک محض 48گھنٹوں میں تقریبا تین لاکھ نوجوان کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کا حصہ بن چکے ہیں اور یہ سلسلہ نہایت تیزی اور جوش و خروش سے جاری ہے۔

معاون خصوصی نے وزیرِ اعظم کو بتایا کہ رجسٹریشن کی مہم میں ملک کے طول و عرض سے نوجوان گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔ رجسٹریشن کا عمل 10اپریل تک جاری رہے گا۔

وزیرِ اعظم نے کورونا ریلیف ٹائیگر فورس میں نوجوانوں کی بھرپور شمولیت کے جذبے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات میں نوجوانوں کا یہ جذبہ نہایت حوصلہ افزا اور لائق تحسین ہے۔ نوجوان اس ملک کا سب سے بڑا اثاثہ ہیں۔ آزمائش کی ہر گھڑی میں پوری قوم نے بالعموم اور نوجوانوں نے بالخصوص ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔