گذشتہ ہفتے اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی ریکارڈ ،کے ایس ای100انڈیکس 3500پوائنٹس بڑھ گیا
انڈیکس29ہزار،30ہزار اور31ہزار پوائنٹس کی تین بالائی حد عبور کرگیا جبکہ مارکیٹ کے سرمائے میں بھی 542ارب روپے کا اضافہ
مجموعی حجم 54کھرب روپے سے بڑھ کر60کھرب روپے کی بلند سطح پر جا پہنچا ۔69.45فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں

کراچی(صباح نیوز)پاکستان اسٹاک مارکیٹ کو گذشتہ تین ہفتوں سے جاری مندی کے رجحان سے چھٹکارا مل گیا ،گذشتہ ہفتے اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی اور کے ایس ای100انڈیکس 3500پوائنٹس بڑھ گیا جس سے انڈیکس29ہزار،30ہزار اور31ہزار پوائنٹس کی تین بالائی حد عبور کرگیا جبکہ مارکیٹ کے سرمائے میں بھی 542ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 54کھرب روپے سے بڑھ کر60کھرب روپے کی بلند سطح پر جا پہنچا ۔کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کی بدولت 69.45فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں ۔گذشتہ ہفتے پاکستان اسٹاک مارکیٹ 4کاروباری دنوں میں انڈیکس3598.4پوائنٹس بڑھ گیا تاہم پہلے دن مندی کے سبب انڈیکس 86.18پوائنٹس لوز کر گیا تھا ۔اسٹاک ماہرین کے مطابق ماہ مارچ کے ابتدائی تین ہفتے اسٹاک مارکیٹ کیلئے بھاری ثابت ہوئے مگر گذشتہ ہفتے مارکیٹ کا رجحان منفی سے مثبت میں تبدیل ہو گیا گو کہ گذشتہ کاروباری ہفتے کے پہلے د ن سرمایہ کار کورونا وائرس کے معاشی اثرات کی وجہ سے محتاط رہے اور نئی سرمایہ کاری سے بھی گریز کیابعد ازاں آنیوالے دنوں میں بازار حصص میں ریکوری دیکھنے میں آئی ۔ماہرین کے مطابق ٹریڈنگ کے دوران مالیاتی اداروں ،میوچل فنڈز اور بروکریج ہائوسز کی جانب سے منافع بخش کمپنیوں کے پر کشش قیمتوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سرمایہ کاری کو ترجیح دی جس کی وجہ سے مارکیٹ مستحکم انداز میں تیزی کی جانب گامزن رہی ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میںگذشتہ ہفتے کے ایس ای100انڈیکس میں3512.22پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے انڈیکس 281095.57پوائنٹس سے بڑھ کر 31621.79پوائنٹس ہو گیا جبکہ کے ایس ای30انڈیکس1694.51پوائنٹس کے اضافے سے 12320.24پوائنٹس سے بڑھ کر14014.75پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس20485.23پوائنٹس سے بڑھ کر22515.59پوائنٹس کی سطح پر جا پہنچا ۔ کاروباری تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں5کھرب42ارب19کروڑ1لاکھ77ہزار9687روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 54کھرب74ارب20کروڑ89لاکھ29ہزار884روپے سے بڑھ کر60کھرب16ارب39کروڑ91لاکھ7ہزار571روپے ہو گیا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای100انڈیکس ایک موقع پر31816.59پوائنٹس کی بلند سطح کو چھو گیا تھا تاہم مندی کے اثرات غالب آنے سے انڈیکس ایک موقع پر27461.59پوائنٹس کی کم سطح پر بھی دیکھا گیا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے زیادہ سے زیادہ10ارب روپے مالیت کے31کروڑ 15ہزار85ہزارحصص کے سودے ہوئے جبکہ کم سے کم4ارب روپے مالیت کے15کروڑ94لاکھ69ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے کے دوران مجموعی طور پر1745کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے1213کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،461میں کمی اور71کمپنیوں کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔کاروبار کے لحاظ سے کے الیکٹرک ،میپل لیف ،حیسکول پیٹرول ،یونٹی فوڈز لمیٹڈ ،سمٹ بینک ،بینک آف پنجاب ،آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ ،ٹی آر جی پاک لمیٹڈ ،ڈی جی کے سیمنٹ ،فوجی سیمنٹ ،پائینیر سیمنٹ ،نشاط ملز لمیٹڈ ،ورلڈ کال ٹیلی کام ،پاور سیمنٹ اورپاک پیٹرولیم  سر فہرست رہے ۔
#/S