لاہور (صباح نیوز)
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں خصوصی اجلاس منعقد ہوا ، اجلاس میں صوبے میں کورونا وباء کی صورتحال، حفاظتی اقدامات اور متاثرہ مریضوں کے علاج معالجے کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان، ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل محمد عامر مجید،چیف سیکرٹری میجر (ر) اعظم سلیمان، انسپکٹر جنرل پولیس شعیب دستگیر، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو،چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور اعلیٰ سول و عسکری حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان نے سول حکومت کوحفاظتی اقدامات اوردیگر امور پر ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔اجلاس میںفیصلہ کیاگیا کہ کورونا وباء پر قابو پانے اور متاثرہ مریضوں کے بہترین علاج معالجے کیلئے کاوشوں کومزید تیز کیا جائے گا۔
اجلاس میں پنجاب میں لاک ڈاؤن پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے پر اتفاق کیاگیا۔اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ کورونا کی وباء سے نمٹنے کیلئے اقدامات کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔اجلاس میں لاک ڈاؤن میں مزید توسیع پر بھی غور کیاگیااوراس ضمن میں مختلف تجاویز کا جائزہ لیاگیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ متاثرہ علاقوں کو کورونا وائرس سے کلیئر ہونے تک سیل رکھا جائے گا اوردفعہ144کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہپنجاب حکومت نے کورونا وائرس کے مرض کی تشخیص کیلئے روزانہ 3100ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت حاصل کرلی ہے۔ صوبے میں ٹیسٹنگ سہولت کی استعداد کار جلد 10ہزار تک بڑھائی جائے گی۔صوبے میں کوروناکے مرض کی تشخیص کیلئے 8نئی لیبز بنا رہے ہیں،3لیبزجلد فنکشنل ہوجائیںگی ۔انہوںنے کہا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے حساس مقامات کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے ۔جیلوں میں قیدیوں کی سکریننگ کاعمل شروع کردیاگیا ہے ۔انہوںنے کہا کہ کمزورطبقے کو ریلیف دینے کیلئے مالی امداد کے پروگرام کا آغاز ہوچکا ہے ۔پنجاب میں مستحق افراد کو 12ہزار روپے کی مالی امداد دیںگے۔ہسپتالو ںمیں ڈاکٹروں اور طبی عملے کی حفاظت کے لئے ضروری اقدامات کررہے ہیںـانہوںنے کہا کہ عوام کی زندگیاں محفوظ کرنے کیلئے مزید اقدامات جاری رکھیں گے۔گندم کٹائی مہم کا آغاز ہوچکا ہے۔کاشتکاروں سے 1400روپے فی من گندم خریدی جائے گی۔صوبے میں گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں۔انہوںنے کہا کہ رواں برس45لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدنے کا ہدف مقررکیا ہے ۔گندم خریداری مراکز پر کاشتکاروں کیلئے سماجی فاصلے برقرار رکھنے کیلئے خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
اجلاس میں ڈاکٹروں،نرسوں اورپیرا میڈیکل سٹاف کی خدمات کو سراہا گیاجبکہ پولیس ،پاک فوج اوررینجرز کے افسروں و اہلکاروںکی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیاگیا۔ اجلاس میں کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال ، احتیاطی تدابیر اورحفاظتی اقدامات پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔ متاثرہ مریضوں کے علاج معالجے کیلئے انتظامات اورڈاکٹروں کیلئے حفاظتی لباس کے امور پر بھی غور کیاگیا۔گندم خریداری مہم کے دوران حفاظتی تدابیر اورٹڈی دل کے حملے سے فصلوں کو بچانے کے اقدامات پر بھی غورکیاگیا۔