لاہور (صباح نیوز)

ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ شہباز شریف کا کورونا وائرس کی آڑ میں لندن سے لایا گیا ایجنڈا بری طرح پِٹ چکا ہے ،حکومت کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے کسی تذبذب کا شکار ہوئے بغیر بلا تاخیر اور بروقت فیصلے کر رہی ہے ،عوام کی زندگیاں بچانے کے ساتھ معیشت کی بحالی کے لئے بھی عملی کوششیں جاری ہیں اس لئے اپوزیشن کا منفی پراپیگنڈا بے معنی ہے،حکومت کورونا وائرس کی طرح مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے پھیلائے گئے کرپشن کے وائرس کو بھی ختم کر کے دم لے گی۔ اپنے بیان میں ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ وفاقی اور پنجاب حکومت نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے ہیں لیکن مسلم لیگ (ن) سیاسی مخالفت میں مایوسی پھیلانے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے ۔شہباز شریف کورونا وائرس کی آڑ میں لندن سے جو منصوبہ لے کر آئے تھے انہیں اس میں بری طرح ناکامی ہوئی ہے اور یہ ان مقدر بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے، متاثرہ مریضوں کے علاج معالجے ، اس کی زد میں آنے والے کمزور طبقات کی مالی معاونت اور معیشت کی بحالی کے لئے جس طرح کے اقدامات اٹھائے ہیں پوری دنیا اسے سراہا رہی ہے اور اسی وجہ سے اپوزیشن کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہے ہیں جس کا ہمارے پاس کوئی علاج نہیں۔ا نہوں نے کہا کہ امدادی ٹیلی تھون نشریات پر تنقید کرنے والے سن لیں حکومت ہر وہ اقدام اٹھائے گی جس سے عوام کی مدد ہو اور ان کی مشکلات میں کمی ہو سکے ۔ مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار نے ہر محاذ پر اپنی شاندار کارکردگی اور گڈ گورننس کے ذریعے ماضی کے نام نہاد تجربہ کار حکمرانوں کو پچھاڑ دیا ہے اور ان کی سیاست ہمیشہ کیلئے اندھے کنویں میں دھکیلی جا چکی ہے۔