اسلام آباد(صباح نیوز)

ملک بھرمیں کورونا وائرس نے جمعرات کو مزید 18افراد کی جان لے لی جس کے بعد جاں بحق افرادکی مجموعی تعداد 361ہوگئی جبکہ مزید 772 کیسز سامنے آئے ہیں، نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 16276تک جا پہنچی ہے۔اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 122افراد انتقال کر چکے ہیں جبکہ سندھ میں 112اور پنجاب میں 106 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔اس کے علاوہ بلوچستان میں 14، اسلام آباد 4 اور گلگت بلتستان میں 3افراد مہلک وائرس کے باعث جاں بحق ہو چکے ہیں۔ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق4052 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں،جبکہ 174,160کل ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔ ملک بھر سے کورونا کے مزید 772 کیسز سامنے آئے ہیں اور 18ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں جن میں سندھ سے 358 کیسز 12 ہلاکتیں، پنجاب 393کیسز 6 ہلاکتیں، اسلام آباد 16 کیسز، بلوچستان 4 کیسز اور آزاد کشمیر سے ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔ وزیراعلی سندھ نیصوبہ میں کورونا وائرس کے مزید 358 کیسز سامنے آ نے اور 12 ہلاکتوںکی تصدیق کی ہے۔مراد علی شاہ نے بتایا کہ سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 6053 اور اموات 112 ہوگئی ہے۔وزیراعلیٰ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید 53مریض صحت یاب ہوئے ہیں جس کے بعد صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 1222 ہوگئی ہے۔پنجاب  میں اب تک کورونا کے مزید 393 کیسز سامنے آئے ہیں اور 6ہلاکتیں بھی رپورٹ ہوئی ہیں جس کی تصدیق ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے کی۔ترجمان کے مطابق صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 6220 اور ہلاکتیں 106 ہوگئی ہیں۔ترجمان کے مطابق 768 زائرین، 1926 رائے ونڈ سے منسلک تبلیغی ارکان، 86 قیدی اور 3441 عام شہری میں کورونا وائرس میں مبتلا ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ پنجاب میں اب تک کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 1850 ہوگئی ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آبادمیں کو رونا وائرس کے مزید 16کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔پورٹل کے مطابق نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 313ہوگئی ہے جبکہ شہر میں وائرس سے اب تک 4 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔بلوچستان میں کورونا کے مزید 4 کیسز سامنے آئے ہیں جس کی تصدیق صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے کی گئی ہے۔محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 978 ہے جبکہ 14افراد اب تک جاں بحق ہوچکے ہیں۔بلوچستان میں اب تک کورونا وائرس سے 180 افراد صحت یاب بھی ہوگئے ہیں۔آزاد کشمیر  میں کورونا وائرس کا ایک کیس سامنے آیا ہے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیا گیا ہے۔پورٹل کے مطابق علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 66 ہوگئی ہے۔