اسلام آباد(صباح نیوز)
پاکستان نے کلبھوشن معاملے پر بھارتی وکیل ہریش سالوے کا دعوی مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پرپوری طرح عمل کررہا ہے۔ دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی نے اپنے بیان میں کلبھوشن معاملے پر بھارتی وکیل ہریش سالوے کا دعوی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی وکیل ہریش سالوے کے 3 مئی کو آن لائن لیکچر میں دیئے گئے بیانات کو نوٹ کیا ہے ، ہریش سالوے نے عالمی عدالت برائے انصاف میں واپس جانے کی تجویز دیتے ہوئے حقائق کے منافی بیانات دیئے، یہ دعوی غلط ہے کہ پاکستان نے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کی تعمیل نہیں کی ہے۔ حقائق کو غلط انداز میں پیش کرنا افسوسناک ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پرپوری طرح عمل کررہا ہے، ایک ذمہ دارریاست کی حیثیت سے پاکستان بین الاقوامی ذمہ داریوں سے آگاہ ہے، پاکستان نے کلبھوشن تک بھارت کو قونصلر رسائی فراہم کی، عالمی عدالت کے فیصلے کے مطابق نظرثانی کے اقدامات کیے جارہے ہیں، کیس کے آگے بڑھنے پر پاکستان عالمی عدالت کے فیصلے پرعمل درآمد کے لیے پرعزم ہے۔واضح رہے کہ ہریش سالوے نے ہی عالمی عدالت انصاف میں بھارت کی جانب سے را کے بھارتی حاضر سروس افسر کلبھوشن کے کیس کی پیروی کی تھی۔ 3 مئی کو آن لائن لیکچر میں سالوے نے دعوی کیا تھا کہ بھارت کئی مرتبہ پاکستان سے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کی روشنی میں اٹھائے گئے اقدامات کے حوالے سے پوچھ چکا ہے لیکن پاکستان کی جانب سے اس حوالے سے کوئی جواب نہیں دیا جارہا ۔ ہریش سالوے کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھارت نے بیک ڈور سفارت کاری کے ذریعے پاکستان کو اس بات پر قائل کرنے کی کوشش کی کہ کلبھوشن کو چھوڑ دیا جائے۔ چاہے انسانی بنیادوں پر یا کسی اور بنیاد پر ہم کلبھوشن کی رہائی چاہتے ہیں۔