اسلام آباد ہائیکورٹ، کلبھوشن یادیو کے وکیل مقررکرنے کے حوالے سے درخواست پرحکمنامہ جاری

بھارت کی معاونت سے ہی عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر مکمل عملدرآمد ہوسکتاہے،حکمنامہ

اسلام آباد (ویب  نیوز)پاکستان میں گرفتار بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے لئے وکیل مقررکرنے  کے حوالے سے وزارت داخلہ کی جانب سے دائر درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے حکمنامہ جاری کردیا۔ حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے28جون کو بھارت کو خط لکھا تاہم کوئی جواب نہیں آیا۔ عدالتی حکمنامہ میں کہاگیا ہے کہ بھارت کی معاونت سے ہی عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر مکمل عملدرآمد ہوسکتاہے۔ عدالتی حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ عدالت کے مدنظر ہے کہ بھارت کی طرف سے عدالتی معاونت بھارت کی خودمختاری کو متاثر نہیں کرے گی، عدالت کے لئے کلبھوشن یادیو کے لئے فیئر ٹرائل یقینی بنانا بھی اہم مرحلہ ہے۔ عدالتی فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ یہ نامناسب ہے کہ بھارت کو ایک اور موقع دیا جائے۔ اگر عدالتی کاروائی کے حوالہ سے بھارت کو اعتراض ہو تو وہ عدالت کے سامنے رکھے۔ZS