لاہور(صباح نیوز)
پنجاب حکومت نے لاک ڈائون میں مزید نرمی کرتے ہوئے پیر سے شاپنگ مالز ، آٹو موبائل انڈسٹری کے پیداواری یونٹس کھولنے اورپبلک ٹرانسپورٹ چلانے کا فیصلہ کرلیا۔ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے پبلک ٹرانسپورٹ کو بھی کھولنے کی منظوری دے دی۔ صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کے زیر صدارت پبلک ٹرانسپورٹ چلانے کے لیے پنجاب کے ٹرانسپورٹرز کے ساتھ اجلاس ہوا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال، سیکرٹری ٹرانسپورٹ اسد رحمان گیلانی، سیکریٹری پراونشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی محمد اقبال، ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔اس موقع پر راجہ بشارت نے کہا کہ حکومت کو کورونا سے بچائو کے ساتھ ساتھ ٹرانسپورٹرز اور دیگر کاروباری طبقے کا بھی خیال ہے۔ وزیراعلی پنجاب نے اسی لیے مشروط طور پر پبلک ٹرانسپورٹ چلانے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے ٹرانسپورٹرز پر واضح کیا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بہت کم ہوئی ہیں، اس کا فائدہ کرایوں میں کمی کی صورت میں عوام کو پہنچنا چاہیے۔ کرایوں میں کمی یا نظر ثانی کے لیے سیکرٹری ٹرانسپورٹ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جو ٹرانسپورٹرز کے ساتھ مل کر نئے کرایے طے کریں گے۔لوکل ٹرانسپورٹ کے لیے جاری ایس او پیز میں کہا گیا ہے کہ دو سیٹوں پر ایک سواری، سوار ہوتے وقت مسافروں کے درمیان 3 فٹ کا فاصلہ، اے سی بند اور کھڑکیاں کھلی ہوں گی۔ٹرانسپورٹرز ہر چکر کے بعد بس کی ڈس انفیکشن اور ہر ٹرمینل پرسینی ٹائزر کی دستیابی یقینی بنائیں گے۔ مسافر اگلے دروازے سے سوار اور پچھلے دروازے سے اتریں گے۔ اس کے علاوہ بخار یا کھانسی کے حامل مسافر بس میں سوار نہیں ہو سکیں گے۔ صوبائی وزیر صنعت وتجارت پنجاب میاں اسلم اقبال نے کہا کہ پیر سے شاپنگ مالز اور آٹو موبائل انڈسٹری کو کھولنے کی اجازت دیدی جائے گی۔ متعلقہ شعبوں کے ساتھ مل کر ایس او پیز کو حتمی شکل دے دی۔حکومت کی جانب سے شاپنگ مالز کے اوقات کار کا بھی تعین کر دیا گیا۔ تاہم ایس او پیز کا سختی سے نفاذ ہوگا۔ تھرمل گن سے چیکنگ، ہینڈ سینٹی ٹائزر اور ماسک کا استعمال یقینی بنایا جائے گا۔آٹو موبائل انڈسٹری پیداواری یونٹس کو ہفتے میں سات دن کام کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، شو رومز ہفتے میں چار دن کھلیں گے۔