لاہور (صباح نیوز)
سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کی زیر صدارت محکمہ خوراک کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں بتایا گیا کہ سرکاری سطح پر پنجاب میں گندم کی خرید کا گزشتہ10برسوں کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے اور پہلی مرتبہ محکمہ خوراک نے 40لاکھ میٹرک ٹن گندم کی خرید کی حد عبورکر لی ہے جس کے بعد صوبے کے پاس مجموعی طور پر 43لاکھ میٹرک ٹن گندم کے ذخائر موجود ہیں جو صوبے کی ضروریات پوری کرنے کے لئے وافر ہوں گے ۔ سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے اس اہم کامیابی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ خوراک کے افسران کو ہدایت کی کہ اب فوری طور پر فلور ملز اور سیڈ کمپنیوں کو گندم کی خرید میں مدد فراہم کی جائے تاکہ اس شعبے میں بھی گندم ضرورت کے مطابق موجود ہو ۔اسی طرح صوبہ کے پی کے کے لئے گندم کی فراہمی کے لئے مربوط حکمت عملی وضع کی جائے جس میں دونوں صوبوں کے خوراک کے محکموں اور چیف سیکرٹری صاحبان کو آن بورڈ لیا جائے تاکہ کہیں کوئی کنفیوژن نہ ہو ۔ سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے سیکرٹری خوراک کو یہ ہدایت بھی کی کہ کل ہی پنجاب فلور ملز ایسوسی ایشن سے اجلاس منعقد کیا جائے جس کے بعد محکمہ خوراک اور فلور ملز کی مشاورت سے ہر ڈویژن میں ضلعی انتظامیہ آٹے کی قیمت کا تعین کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ابھی صوبے بھر کے بارڈر سیل رکھے جائیں تاکہ سمگلنگ کو روکا جا سکے جس سے گندم کی قیمت نیچے آ سکتی ہے ۔ عبدالعلیم خان نے گندم کی خرید میں محکمہ خوراک ،ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیا اور سیکرٹری فوڈ کو ہدایت کی کہ گندم کی مزید خرید روکنے کے لئے وزیر اعلیٰ پنجاب کو سمری بھجوائی جائے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب سیڈ کارپوریشن کی طرف سے گندم کی خرید کا 90فیصد ہدف پورا ہونا خوش آئندامر ہے ،امسال گندم خریداری میں تاریخی کامیابی حاصل ہوئی ہے اور توقع ہے کہ محکمہ آئندہ بھی اسی فرض شناسی کا مظاہرہ کرے گا ۔انہوں نے محکمے کے افسران کو وزیر اعظم عمران خان سے منظوری کے لئے نئی پالیسی کی سفارشات کی تیاری کی بھی ہدایت کی جس کے تحت آئندہ سال گندم کی خرید میں تبدیلی کی جائے گی اور صرف حکومتی” ریزرو "کیلئے گندم رکھی جائیگی۔اعلیٰ سطحی اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری خوراک اور ڈائریکٹر فوڈ نے سینئر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان کو بتایا کہ فوڈ ڈیپارٹمنٹ کے تمام افسران کو فوری طور پر نئی ہدایات جاری کی جا رہی ہیں اور اب ہر ضلع میں فلور ملز اور سیڈ کمپنیوں کی گندم خرید میں بھرپور مدد کی جائے گی ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کل چیف سیکرٹری پنجاب سے مشاورت کے ساتھ آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا اور بالخصوص صوبہ کے پی کے کو گندم کی فراہمی کے حوالے سے معاملات کو حتمی شکل دی جائے گی