اشیائے ضروریہ مہنگی ہونے پر وزیراعظم نے نوٹس لے لیا، سخت اقدامات کی ہدایت
پرائس مانیٹرنگ کمیٹی ہفتہ وار بنیاد پر ضروری اشیا کی قیمتیں مانیٹر کریں۔عمران خان
اسلام آباد(صبا ح نیوز)وزیراعظم عمران خان نے پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کے اثرات عوام تک نہ پہنچنے کا نوٹس لیتے ہوئے سخت اقدامات کی ہدایت کی ہے۔عمران خان نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات میں کمی کے بعد بنیادی ضرورت کی اشیا کی قیمت بھی کم ہونی چاہیے تھی لیکن بینادی اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کے بجائے اضافہ ہو رہا ہے۔وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ تمام صوبائی وزرائے اعلی اور چیف سیکرٹریز قیمتوں میں کمی کے لیے ذمہ داری پوری کریں، گندم کی نئی فصل کے مارکیٹ میں آنے کے بعد آٹے کی قیمتوں میں اضافہ کیوں ہوا؟ آٹے کی قیمتوں میں اضافہ بھی بلاجواز ہے۔عمران خان نے ہدایت کی کہ پرائس مانیٹرنگ کمیٹی ہفتہ وار بنیاد پر ضروری اشیا کی قیمتیں مانیٹر کریں۔انہوں نے گزشتہ روز ہدایت کی تھی کہ مختلف شعبوں میں دی جانے والی سبسڈی کے موجودہ نظام کا ازسرنوجائزہ لیا جائے۔ وفاقی ادارہ شماریات نے گزشتہ روز ہی مہنگائی کے اعداد و شمار جاری کیے تھے۔گزشتہ ماہ کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.42 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ رواں مالی سال کے گیارہ ماہ میں مہنگائی میں 11.32 فیصد اضافہ ہوا۔مئی 2019 کے مقابلے میں مئی 2020 میں مہنگائی کی شرح 9.07 فیصد رہی اور رمضان المبارک میں متعدد اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافہ ہوا۔ایک ماہ میں چکن 41.46 فیصد، آلو 31 فیصد، پھل 9.72 فیصد مہنگا ہوا جبکہ دودھ 4.63، ملبوسات 4 اور مصالحہ جات 3.71 فیصد مہنگے ہوئے۔ایک ماہ کے دوران پیاز 23 فیصد، سبزیاں 19 فیصد، انڈے 18 فیصد، موٹر فیول 13 فیصد، ٹماٹر 8 فیصد اور دالیں 4 سے 7 فیصد تک سستی ہوئیں۔رپورٹ کے مطابق ایک سال میں آلو 96 فیصد، دال مونگ 83 فیصد اور دال ماش 55 فیصد تک مہنگی ہوئیں جبکہ ایک سال میں گیس کے نرخ 55 فیصد ، سبزیاں 21 فیصد، چینی 20 فیصد اور انڈے 19 فیصد مہنگے ہوئے۔ ایک سا ل میں ٹماٹر 39 فیصد، پیاز 21 فیصد، موٹر فیول 19 فیصد اور سبزیاں 4 فیصد سستی ہوئیں
#/S