خانہ کعبہ اور حجر اسود کوچھونا منع ، حج کے متعلق نئے قواعدوضوابط جاری
عازمین حج اور عملے کو ماسک اور دستانے پہننا ہونگے، حجاج کرام کے سرکے بال تراشنے والے ایک دوسرے کے آلات استعمال نہیں کرسکیں گے
رمی کیلئے حجاج کو پیک شدہ کنکریاں فراہم کی جائیں گی،طواف کیلئے مطاف جانیوالوں کی قافلہ بندی ہوگی، طواف کے دوران ڈیڑھ میٹرکا فاصلہ رکھنا ہوگا
کھانے پینے کے برتن دوبارہ استعمال کرنیکی اجازت نہیں ہوگی اور بسوں میں عازمین کی تعداد متعین ہوگی،کسی بھی حاجی کو بس میں کھڑے ہونے کی اجازت نہیں ہوگی
ریاض (صباح نیوز)سعودی عرب نے رواں سال حج سے متعلق نئے قواعدوضوابط جاری کردیئے جو مسجدالحرام، منی، میدان عرفات، مزدلفہ اورقیام وطعام سے متعلق ہیں،عازمین حج اورحج عملے کو ماسک اور دستانے پہننا ہوں گے۔ حجاج کرام کے سرکے بال تراشنے والے ایک دوسرے کے آلات استعمال نہیں کرسکیں گے۔عازمین حج نمازکے دوران ایک دوسرے سے2میٹرفاصلے کی پابندی کریں گے۔ رمی کیلئے حجاج کو پیک شدہ کنکریاں فراہم کی جائیں گی۔طواف کیلئے مطاف جانیوالوں کی قافلہ بندی ہوگی، طواف کے دوران کم از کم ڈیڑھ میٹرکا فاصلہ رکھنا ہوگا، حج کے نئے قواعدوضوابط کے مطابق خانہ کعبہ یا حجراسود کوچھونا منع ہوگا،چھونے اور چومنے سے روکنے کے لیے رکاوٹیں رکھی جائیں گی، اس پر عمل درآمد کے لیے نگراں تعینات ہوں گے،مسجد الحرام میں کھا نے کی اشیا لانے پرپابندی ہوگی، صحن میں کھانے کی اجازت نہیں ہوگی، پانی پینے یازمزم پانی کے لیے قابل تلف(ڈسپوزیبل)بوتلیں اور ڈبے استعمال کیے جائیں گے،کھانے پینے کے برتن دوبارہ استعمال کرنیکی اجازت نہیں ہوگی اور بسوں میں عازمین کی تعداد متعین ہوگی،پورے سفر کے دوران ہر حاجی کی نشست متعین ہوگی، کسی بھی حاجی کو بس میں کھڑے ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔