لاہور (سٹاف رپوٹ) پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ (پی ایس ڈی ایف) نے ایکسٹریم کامرس ایل ایل سی کی شراکت سے خواتین کو ایمازون ورچوئل اسسٹنٹس (Amazon Virtual Assistants)کی حیثیت سے مہارت حاصل کرنے کیلئے ایک آن لائن تربیتی پروگرام کا آغاز کیا ہے۔یہ پروگرام خواتین کو موجود وبائی صورتحال کے دوران گھر سے کام کرتے ہوئے آمدنی حاصل کرنے اور اپنا کاروبار کرنے کا اہل بنائے گا۔
کووڈ 19وباء ایک غیر معمولی بحران ہے اور پاکستان بھی اس سے مستثنیٰ نہیں ہے۔ اس وباء کے منفی معاشی اثرات نے پوری دنیا خاص طور پر پسماندہ اور ترقی پزیر ممالک کی خواتین کو متاثر کیا ہے۔ اگرچہ اس دوران بے روزگاری اور ملازمت سے فارغ کرنے میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے، پی ایس ڈی ایف مستقل ملازمت کے نئے مواقع اور طریقہ کار فراہم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
ایمازون ورچوئل اسسٹنٹس (Amazon Virtual Assistants)آن لائن ٹریننگ پروگرام پی ایس ڈی ایف اور ایکسٹریم کامرس کے اشتراک سے شروع کیا گیا ہے جو پاکستان میں خواتین کو ایمازون (Amazon) پلیٹ فارم پر مختلف اشیاء بیچنے والوں کی مدد کرنے کے قابل بناتا ہے۔’ورچوئل اسسٹنٹ‘ ایک خود مختار کانٹریکٹر ہے جو صارف کے دفتر میں کام کرنے کے بجائے باہر کام کرتے ہوئے کلائنٹ کو انتظامی خدمات فراہم کرتا ہے۔ وسیع تر نقطہ نظر سے یہ کردار انتظامیہ، سوشل میڈیا، رئیل اسٹیٹ، تحقیق،ای کامرس، ڈیٹا انٹری، اکاؤنٹنگ اور مارکیٹنگ جیسے دلچسپی کے شعبوں میں کام کرنے کے بہترین مواقع فراہم کرتا ہے۔
تربیتی ماڈل آن لائن اور گھر پر مبنی ہے، جو خواتین کو ورڈ پروسیسنگ، آن لائن کمیونیکیشن، کسٹمر سروس، ای کامرس کے مواقع، آرڈر مینجمنٹ، ایمازون پروڈکٹ ریسرچ ٹولز اور لسٹنگز کی تشکیل سے متعلق تربیت فراہم کرتا ہے۔ پی ایف ڈی ایف اور ایکسٹریم کامرس کی یہ تربیت ڈھائی ماہ تک محیط ہے، جس کااختتام مارکیٹ میں روابط قائم کرنے پرمخصوص ہوگا۔ اس پروگرام کے پائلٹ میں 100سے زائد خواتین کو ایمازون ورچوئل اسسٹنٹس(Amazon Virtual Assistants)کی تربیت دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
یہ پروگرام خواتین کو گھر سے کام کرنے کا موقع فراہم کرنے اور مستحکم آمدنی حاصل کرنے کے دوران ڈیجیٹل انٹرپرینیور بننے کا موقع فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ مزید برآں یہ پروگرام خواتین کو مفید، تربیتی مہارت دینے میں بھی فائندہ مند ہوگا، جس کا استعمال کرتے ہوئے خواتین (Upwork)اور(Fiverr)پر فری لانسر (Freelancer)کے طور پر کام کر سکتی ہیں۔
پارٹنر شپ پر گفتگو کرتے ہوئے پی ایس ڈی ایف کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر جواد خان نے کہا کہ اس وباء کے دوران ہماری توجہ آمدنی میں اضافہ،خاص طور پر لاک ڈاؤن اور وباء کے باعث سب سے زیادہ متاثر ہونے والی خواتین کیلئے مستحکم مواقع فراہم کرنے کے منصوبوں پر مرکوز ہے۔بے روزگاری اورآمدنی کے روایتی ذرائع کے فقدان کا مطلب یہ ہوا کہ ہمیں تربیت اور آمدنی کے مواقع فراہم کرنے کیلئے نئے اور تخلیقی جدت کو دیکھنا پڑے گا، یہ منصوبہ ہمارے کام کرنے کے نئے طریقوں کی ایک اہم مثال ہے۔
اس موقع پر ایکسٹریم کامرس ایل ایل سی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر سنی علی نے کہا کہ ہمیں پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ (پی ایس ڈی ایف) کے ساتھ پارٹنر شپ کرنے پر فخر ہے جو بے روزگار خواتین کو ایمازون (Amazon)پلیٹ فارم پر آن لائن مہارت حاصل کرنے کے قابل بنائے گا۔ ہمیں امید ہے کہ یہ مشترکہ منصوبہ خواتین کیلئے گھر پر کام کرنے، آن لائن کاروباری سرگرمی کا نیا دور شروع کرے گا۔