مکہ مکرمہ (ویب نیوز)

رمضان المبارک کے دوران کھانوں کی جانچ کے لئے مسجدالحرام میں فوڈ لیبارٹریز نے کام کا آغاز کردیا، یہ اقدام ماہِ صیام میں زائرین کو فراہم کئے جانے والے کھانے کے اعلی معیار کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مکہ مکرمہ میں میونسپلٹی ایجنسی کی موبائل فوڈ لیبارٹریوں نے مسجدالحرام کے صحنوں کے قریب کام شروع کردیا،اس اقدام کا مقصد رمضان المبارک میں آنے والے عمرہ زائرین اورنمازیوں کو سحری اور افطاری میں فراہم کئے جانے والے کھانے کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنانا ہے۔ اسی طرح مکہ مکرمہ کے مختلف مقامات سے رمضان کے دوران مسجد الحرام تک آمدورفت کیلئے شٹل بس سروس کے 17 روٹس مقرر کئے گئے ہیں،اس حوالے سے سعودی عرب کے ضیوف الرحمان خدمت پروگرام نے بتایا کہ رمضان المبارک میں بیرون مملکت سے بڑی تعداد میں عمرہ زائرین آتے ہیں،اس کومدنظر رکھتے ہوئے عمرہ زائرین کی سہولت کے لئے شٹل بس سروس کا خصوصی انتظام کیا گیا جو ہفتے کے ساتوں دن 24 گھنٹے چلتی ہے تاکہ دیگرشہروں سیآنے والے زائرین کوحرم شریف آمد ورفت میں ٹرانسپورٹ کے حوالے سے کسی قسم کی دشواری نہ ہو۔ اس سلسلے میں ادارے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بس سروس کا کرایہ انتہائی مناسب رکھا گیا،کرایہ ادا کرنے کے لئے سپین سسٹم کی سہولت بھی فراہم کی گئی ،بس کے کرایے  کو دو بنیادی روٹس میں تقسیم کیا گیا۔اس کے علاوہ بیرون مکہ سے آنے والے جو شہرکے باہر والی چیک پوسٹ پراپنی گاڑی پارک کرکے آتے ہیں،ان کے لیے بس کا کرایہ 16 ریال جبکہ مکہ مکرمہ کے اندر پارکنگ ایریا سے آنے والوں کے لئے7 ریال مقررکیا گیا ۔