لاہور،(اسٹاف رپورٹر)

میٹرو پاکستان اخوت فاؤنڈیشن کے ساتھ اشتراک میں ایک معاونتی پروگرام”مددگار“ متعارف کرائیگا۔مددگار ان محنتی افراد کی مالی و اخلاقی مدد کی ایک کوشش ہوگی جن کے کاروبار کورونا وائرس کی حالیہ وباء کے دوران تباہ ہوگئے ہیں،یا وہ اپنی ملازمتوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں یا پھر ان کے پاس اس قدر سرمایہ نہیں کہ وہ کوئی نیا کاروبار شروع کرکے اپنی اور اپنے اہل خانہ کی کفالت کرسکیں۔
اس پروگرا م کے تحت پہلے50چھوٹے کاروباری مالکان کو سود سے پاک سرمایہ فراہم کرکے ان کی مدد کی جائیگی،مزید بر آں انہی سرمایہ کاروں سے واپس ملنے والی رقم کو دوبارہ اسی مقصد کیلئے استعمال کیا جائیگا اور آنے والوں سالوں میں یہ رقم مزید چھوٹے کاروباری مالکان کو اپنا کاروبار دوبارہ جمانے کیلئے فراہم کی جائیگی تا کہ ایسے افراد کی مالی مشکلات کو کم کیا جاسکے۔
میٹرو پاکستان اس مشکل وقت کے دوران اپنے ہم وطنوں کو ہر ممکن مد فراہم کرنے کیلئے آگے رہا ہے اور پی ڈی ایم اے کو کورونا وائرس سے بچاؤ ے حفاظتی سوٹس کی فراہمی کے اقدامات کے ساتھ ساتھ مختلف شہروں میں طبی عملے کو مفت کھانے کی فراہمی میں بھی مصروف عمل رہا۔اخوت دنیا کا سب سے بڑا اسلامی مائیکرو فنانس ادارہ ہے،2001سے اخوت معاشرے کے معاشی طور پر پسماندہ طبقے کو غربت کے خاتمے کے اپنے مختلف منصوبوں کے ذریعے بااختیار بناتے ہوئے غربت کے خاتمے کیلئے کوشاں ہے۔