پنجاب حکومت نے شادی ہالز اور ریسٹورنٹس کھولنے کی سفارش کردی

پنجاب حکومت نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) کو اپنی سفارشات بھیج دیں، فیاض الحسن چوہان

لاہور ( ویب ڈیسک )پنجاب کی کابینہ کمیٹی برائے کورونا کا اجلاس ہوا جس میں  پنجاب حکومت نے شادی ہالز اور ریسٹورنٹس کھولنے کی سفارش کردی۔بزنس سینٹرز، سیاحتی مقامات، سنیما اور تھیٹرز کھولنے کی بھی سفارش کی گئی ہے جبکہ  کھیلوں کی سرگرمیوں ، کلب اور پارکس کھولنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کے مطابق پنجاب حکومت نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) کو اپنی سفارشات بھیج دی ہیں۔ ایوانِ وزیراعلی لاہور میں وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر انسداد ِکورونا کابینہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں کورونا وائرس کی صورتحال اور اس کاپھیلا روکنے کے حوالے سے مختلف اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔کابینہ کمیٹی نے کورونا کی موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئیوفاقی حکومت کو ایس او پیز کے تحت شادی ہالز، ریسٹورنٹس، سیاحتی مراکز ، سینما ، تھیٹرز ، کلبز، پارکس، کاروباری مراکز اور کھیلوں کے میدان کھولنے کی سفارش کی۔وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کہتے ہیں کہ اس سلسلے میں حتمی فیصلہ این سی اوسی کے اجلاس میں کیاجائیگا۔خیال رہے کہ ملک بھر کی طرح پنجاب میں بھی کورونا وائرس کی وجہ سے مارچ کے مہینے سے اسکولز، شادی ہالز، سنیما، ریسٹورنٹس اور پارک وغیرہ بند ہیں جبکہ 9 مئی سے ملک بھر میں سخت لاک ڈان ختم کرکے اسمارٹ لاک ڈاون نافذ کیا گیا تھا جس کے تحت کاروباری مراکز کو مخصوص اوقات میں ایس او پیز کے ساتھ کاروبار کھولنے کی اجازت دی گئی تھی۔اب چونکہ ملک میں کورونا کیسز کا گراف نیچے جارہا رہا ہے لہذا کاروبار کو مکمل بحال اور شادی ہالز، ریسٹورنٹس اور اسکولز کھولنے کیلئے بھی دبا بڑھتا جارہا ہے