لاہور: (ویب ڈیسک ) ملک بھر میں آج "ون ڈے پلانٹیشن ڈرائیو” کا آغاز ہو گیا، ایک دن میں 35 لاکھ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ خود شجرکاری مہم میں حصہ لوں گا، آئندہ نسل کے محفوظ مستقبل کیلئے شجرکاری ضروری ہے، وزراء و ارکان پارلیمنٹ بھی بڑھ چڑھ کرحصہ لیں۔ عمران خان نے ٹائیگر فورس اور طلبا سمیت پوری قوم سے شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لینے کی اپیل کی، انہوں نے کہا کہ 2023 تک 10 ارب درخت لگانا ہمارا ہدف ہے۔

پنجاب میں وزیراعلی عثمان بزدار نے لاہور کے شادمان مارکیٹ پارک میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح کیا اور مہم کی کامیابی کیلئے دعا مانگی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں 12لاکھ سے زائد پودے لگائے جا رہے ہیں۔ خیبر پختونخوا میں وزیراعلیٰ محمود خان نے پشاور میں پودا لگا کر شجر کاری مہم کا افتتاح کیا، ان کا کہنا تھا کہ آج بیس لاکھ سے زائد پودے لگانے کا ہدف پورا کریں گے۔

چونیاں کے قریب چھانگا مانگا فارسٹ میں بھی شجرکاری کی گئی جس میں صوبائی وزیر پاپولیشن کرنل ریٹائرڈ ہاشم ڈوگر نے پودا لگایا۔ چھانگا مانگا جنگل کے بلاک نمبر ایک میں 13000 سے زائد پودے لگائے جائیں گے۔ پنجاب کے دیگر شہروں نارووال، گجرات، منچن آباد اور پیر محل میں بھی پودے لگائے گئے۔