کراچی: انٹر بینک میں ڈالر ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح 169 تک جا پہنچا
روپے کی بے قدری کا سلسلہ جاری۔ انٹر بینک میں ڈالر84 پیسے مہنگا

کراچی(ویب  نیوز)امریکی ڈالر نے ملک میں تمام پچھلے ریکارڈز توڑ ڈالے اور تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔منگل کو زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں روپے کی بے قدری کا سلسلہ مسلسل جاری رہا۔انٹر بینک میں ڈالر 90 پیسے اضافے سے 169روپے تک جا پہنچا ۔تاہم کاروباری روز کے اختتام پر انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر 6 پیسے سستا ہوکر 168روپے 94 پیسے کا ہوگیا۔اس سے قبل گذشتہ برس 26 اگست کو ڈالرانٹر بینک مارکیٹ میں 168 روپے 43 پیسے کی سطح پر پہنچا تھا جس کے بعد کمی کا سلسلہ جاری تھا۔ یاد رہے چار ماہ میں ڈالر16 روپے 42 پیسے مہنگا ہوچکا ہے جبکہ گذشتہ ہفتے اوپن مارکیٹ میں ڈالر 80 پیسے مہنگا ہوا، جس کے بعد ڈالر 167.09 سے بڑھ کر 168.70 روپے کا ہوگیا ہے جب کہ انٹربینک مارکیٹ ڈالر کی قدر میں 1 روپے 11 پیسے کا اضافہ ہوا۔ خیال رہے حکومت معیشت کو مشکلات سے نکالنے کے دعوے کر رہی ہے تاہم اس دوران ملکی کرنسی تنزلی کی طرف جا رہی ہے, گزشتہ چند روز کے دوران روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر تیزی سے بلندی کی طرف جانب گامزن ہے۔رواں مالی سال کے دوران اب ڈالر کی قیمت 11 روپے 46 پیسے بڑھ چکی ہے۔