کراچی (ویب ڈیسک)
شہرقائد کے مختلف علاقوں میں موسلا دھاربارش جاری ہے جس کے باعث بدترین ٹریفک جام جب کہ سڑکیں تالاب کا منظرپیش کررہی ہیں۔
ایکسپریس نیوزکے مطابق کراچی میں موسلا دھاربارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث بدترین ٹریفک جام ہوگیا ہے جب کہ متعدد سڑکیں اورشاہراہیں ایک بار پھر تالاب کا منظر پیش کررہی ہیں جس سے عوام کا شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
کراچی میں جن علاقوں میں موسلا دھاربارش جاری ہے ان میں گلشن اقبال، حسن اسکوائر، نیپا چورنگی ، یونیورسٹی روڈ، طارق روڈ ، پی ای سی ایچ ایس ، شہید ملت روڈ ، شارع فیصل ، بلوچ کالونی ، دھوراجی کالونی ، کارساز، ملیر ، ایئر پورٹ ، ماڈل کالونی ، صفورا گوٹھ ، ڈیفنس ، کلفٹن ، کورنگی، نارتھ کراچی ، نارتھ ناظم آباد ، ناظم آباد ، گولیمار، ایم اے جناح روڈٖ، نمائش، جیل چورنگی ، گلستان جوہر، واٹر پمپ ، سہراب گوٹھ ، سپرہائی وے بھی شامل ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ دوپہر3 سے 4 کے بعد بارش تیز ہوسکتی ہے، ہوا کے کم دباؤ کا ٹرف بحیرہ عرب اور جنوبی سندھ پر تاحال موجود ہے، بلوچستان سے بھی ایک ٹرف مغرب کی جانب سے داخل ہورہا ہے، ٹرف کے زیر اثر کراچی میں بادل برس رہے ہیں۔
ایئرپورٹ حکام کے مطابق کراچی میں خراب موسم کے باعث اسلام آباد اورلاہورسے آنے والی پروازوں کونواب شاہ بھیجا جارہا ہے۔
حب ڈیم میں سطح آب 13 سال بعد ساڑھے 338 فٹ کا نشان عبورکرگئی ہے جب کہ آج کسی بھی وقت ڈیم سے اضافی پانی کا اخراج شروع ہوسکتا ہے۔ صورتحال کے پیش نظرحب ڈیم کے نیچے کی آبادیوں سے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے انخلا کرایا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ مون سون سسٹم کے تحت شہرقائد میں جاری اگست کے مہینے میں حالیہ بارشوں کے باعث بارشوں کا سابقہ 89 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔