کوئٹہ (ویب ڈیسک)
مستونگ کے قریب ریلوے کراسنگ پر پھاٹک نہ ہونے کی وجہ سے ٹرالر مال گاڑی کی زد میں آگیا۔
ریلوے ذرائع کے مطابق مال گاڑی تافتان جاری رہی تھی کہ اس دورانِ اچانک ریلوے کراسنگ پر بائیس ویلر ٹرالر سامنے آگیا، حادثے میں ٹرین کا انجن اور ٹرالر دونوں تباہ ہوگئے۔ حادثے میں ریلوے ٹریک کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ تین بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ ٹریک کلیئر کرنے کیلئے کرین کو بھی منگوالیا گیا۔خیال رہے کہ رواں سال جولائی میں پنجاب کے ضلع شیخوپورہ میں پھاٹک پر ٹرین کوسٹر سے ٹکرا گئی تھی جس کے نتیجے میں 20 مسافر جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔