تہران (ویب ڈیسک)
ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا ہے کہ ایران امریکا کے ساتھ تمام قیدیوں کا تبادلہ کرنے کے لئے تیار ہے۔ امریکی پابندیا ں کوئی نئی بات نہیں، اس سے ان کے ملک پر کوئی خاص اثر نہیں ہو گا۔
جواد ظریف نے یہ بات نیویارک میں خارجہ تعلقات سے متعلق کونسل سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران کی عدالتیں آزاد ہیں اور حکومت ان کے فیصلوں میں مداخلت نہیں کرتی، عدالت نے ریسلر کو قتل کے جرم میں ہی پھانسی دی۔
امریکہ اور ایران ماضی میں بھی ایک دوسرے کے ساتھ قیدیوں کا تبادلہ کرتے رہے ہیں، گزشتہ برس دسمبر میں 2 قیدیوں کا تبادلہ کیا گیا تھا جن میں جاسوسی کے الزام میں ایک امریکی شہری بھی شامل تھا۔
واضح رہے کہ امریکہ اور ایران کے تعلقات 1979 سے کشیدگی کا شکار ہیں، کئی مرتبہ دونوں ممالک کے درمیان جنگ بھی ہوتے ہوتے رہ گئی ہے حتی کہ موجودہ امریکی صدر ٹرمپ اور وزیر خارجہ پومپیو ایران پر حملے کی دھمکیاں دے چکے ہیں جس کے جواب میں ایران کی جانب سے بھی جوابی حملوں کی دھمکیاں سامنے آتی ہیں۔