پیرس (ویب ڈیسک)

فنانشل ایکشن ٹاسک فورس نے پاکستان کو اگلے سال 2021 تک گرے لسٹ میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور یوں بھارت کی پاکستان کو بلیک لسٹ کرانے کی کوششیں ناکام ہوگئی۔

فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کا تین روزہ ورچوئل اجلاس گذشتہ روز ختم ہوگیا ہے اجلاس میں منی لانڈرنگ اور ٹیرر فنانسگ کے خلاف پاکستان کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

ورچوئل اجلاس کے اختتام پر فیٹف کے صدر نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ پاکستان فی الحال ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں شامل رہے گا، پاکستان فروری 2021 تک گرے لسٹ میں رہے گا، پاکستان نے 27 میں سے 21 نکات پر عمل درآمد کیا ہے، پاکستان کو باقی 6 نکات پر بھی عمل درآمد کرنا پڑے گا۔

صدر ایف اے ٹی ایف کا کہنا تھا کہ پاکستان نے تمام ایکشن پوائنٹس پر پیش رفت دکھائی ہے اور پاکستان میں 27  نکات پر عمل درآمد کی پیشرفت اور اس کی خواہش پائی جاتی ہے، جب پاکستان تمام 27 نکات پرعمل درآمد یقینی بنالے گا تب ایک ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔

صدر ایف اے ٹی ایف نے کہا کہ پاکستان کے دورے کا مقصد زمینی حقائق کا جائزہ لینا ہوگا جب کہ اگلے اجلاس سے پہلے چیک کریں گے کہ پاکستان ان نکات پرموثرطریقےسے عملدرآمد کررہا ہے یا نہیں جب کہ شمالی کوریااورایران کوبلیک لسٹ میں رکھا گیا۔