اسلام آباد (ویب ڈیسک)
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کے خلاف ہائبرڈ وار میں ملوث ہے، انڈین کرونیکلز کی رپورٹ نے پاکستانی موقف پر مہر لگا دی۔ مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے کہا کہ بھارت جھوٹے پروپیگنڈے کیلئے 750 جعلی میڈیا تنظیمیں تشکیل دیں، یورپی پارلیمنٹ کو پاکستان کیخلاف سازش کیلئے استعمال کیا۔
اسلام آباد میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے مشیر قومی سلامتی معید یوسف کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فیٹف میں بھی بھارت نےپاکستان کےخلاف بھرپورمہم جوئی کی، بھارتی ریاست کی پشت پناہی میں جعلی این جی اوزکااستعمال کیاگیا۔ بھارت، پاکستان مخالف پروپیگنڈے میں اےاین آئی جیسی تنظیموں کو بھی استعمال کررہاہے جس پر تشویش ہے، عالمی فورمز پر پاکستان کونیچا دکھانے کی بھارتی کوششیں ناکام رہیں۔
معید یوسف نے بھارتی سازش سے پردہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ بھارت نے دنیا بھر میں 750 سے زائد جعلی میڈیا تنظیمیں تشکیل دیں، 116 ممالک میں جھوٹے پروپیگنڈے کا جال بچھایا گیا، جھوٹ پر مبنی بھارتی بیانیے کو مختلف فورمز پر اٹھایا گیا، بھارت نے گلگت بلتستان اور بلوچستان کے نام سے خبریں چلائیں، یورپی پارلیمانی وفدسے مختلف اخبارات میں من پسند آرٹیکلز لکھوائے گئے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت تاثر پھیلانا چاہتا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری نہ آئے، ترقی نہ ہو۔ اس کے برعکس پاکستان معاشی تحفظ کے فروغ پر بھرپور توجہ دےرہاہے۔ پاکستان، افغانستان میں امن کیلئےسہولت کاری کر رہا ہے، ای یوڈس انفولیب کی رپورٹ کے بعد ابہام دورہوگیا۔