پاکستان بھارتی مذموم عزائم کو بے نقاب کرتا رہے گا،عمران خان
بھارتی صحافی کی حالیہ گفتگوسے بھارتی میڈیا اورمودی سرکارکا ناپاک گٹھ جوڑافشا ہوگیا ،ٹویٹ
اسلام آباد (ویب ڈیسک )وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان بھارتی مذموم عزائم کو بے نقاب کرتا رہے گا، بھارتی صحافی کی حالیہ گفتگوسے بھارتی میڈیا اورمودی سرکارکا ناپاک گٹھ جوڑافشا ہوگیا ۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ میں نے 2019 میں اقوام متحدہ میں تقریرکے دوران بھارتی سفاکی کوعیاں کیا، مودی حکومت نے بالا کوٹ بحران کو انتخابات کیلئے استعمال کیا، بھارتی صحافی کی حالیہ گفتگوسے بھارتی میڈیا اورمودی سرکارکا ناپاک گٹھ جوڑافشا ہوگیا اورپاکستان بھارتی مذموم عزائم کو بے نقاب کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات جیتنے کے لیے خطرناک فوجی مہم جوئی خطے کوغیرمستحکم کرنے کا باعث بنی، بھارتی ایڈونچر پورے خطے کو عدم استحکام کا شکار کرسکتا تھا، عالمی برادری بھارت کے ناپاک ارادوں سے روکنے کیلئے اقدامات کرے۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان نے ذمہ دارانہ رویے اوربالاکوٹ پرمناسب جواب کے ذریعہ بڑے بحران کو روک لیا، اس کے باوجود مودی حکومت نے بھارت کوشدت پسندریاست بنانے کا کام جاری رکھا۔ مودی بھارت کو ایسا ملک بنا رہا ہے جو دوسرے ممالک کیلئے خطرناک ہو۔