یو اے ای نے اسرائیل کیساتھ ویزا فری معاہدہ معطل کر دیا

 ویزا فری معاہدہ یکم جولائی 2021  تک معطل رہے گا،اماراتی وزارت خارجہ

دبئی (ویب  نیوز)متحدہ عرب امارات نے اسرائیل سے طے پانے والے ویزا فری معاہدے کو معطل کردیا۔ ویزا فری معاہدہ یکم جولائی 2021  تک معطل رہے گا۔متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے کہاکہ کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث اسرائیلی شہریوں کے ویزا فری داخلے پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یکم جولائی تک صورتحال کو دیکھا جائے گا جس کے بعد ویزا فری معاہدے پر دوبارہ عملدرآمد کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ ہوگا۔اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان 13 اگست 2020 کو ایک تاریخی امن معاہدہ ہوا تھا۔معاہدے کے بعد جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ یہ تاریخی سفارتی پیشرفت مشرق وسطیٰ کے خطے میں امن کو آگے بڑھائے گی۔ یہ معاہدہ تینوں رہنمائوں کی جرات مندانہ سفارت کاری اور وژن کے باعث ممکن ہوسکا ہے۔اعلامیہ میں بھی کہا گیا تھا کہ یہ ایک ایسا راستہ ہے جس سے ایک نیا راستہ وضع کیا جاسکتا ہے، جو خطے بڑی صلاحیت کو کھول دے گا۔