بغیر قانون ای چالان کرنے پر حکومت کوشرم آنی چاہئے ،لاہور ہائیکورٹ

 عدالت نے سیف سٹی اتھارٹی سے ای چالان کرنے کا عدالتی حکم طلب کرلیا

قانون موجود نہیں تو ای چالان کیسے کیے جارہے ہیں؟ قانون کے بغیر ہی لوگوں سے رقم وصول کی جارہی ہے،جسٹس شمس محمود مرزا

ابھی تک ای چالان سے متعلق کوئی قانون موجود نہیں،سرکاری وکیل

لاہور(ویب  نیوز) لاہور ہائی کورٹ نے گاڑیوں کی ای ٹکٹنگ چالان کیخلاف کیس میں ریمارکس د یتے ہوئے کہا ہے کہ بغیر قانون ای چالان کرنے پر حکومت کوشرم آنی چاہیے۔لاہور ہائی کورٹ نے گاڑیوں کے ای ٹکٹنگ چالان کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے سیف سٹی اتھارٹی سے ای چالان کرنے کا عدالتی حکم طلب کرلیا۔جسٹس شمس محمود مرزا نے ریمارکس د یئے کہ حکومت کوشرم آنی چاہیے، قانون موجود نہیں تو ای چالان کیسے کیے جارہے ہیں؟ قانون کے بغیر ہی لوگوں سے رقم وصول کی جارہی ہے، کس قانون کے تحت ای چالان کیے جارہے ہیں۔سرکاری وکیل نے عدالت میں اعتراف کیا کہ ابھی تک ای چالان سے متعلق کوئی قانون موجود نہیں، ہم عدالتی حکم کے مطابق ای چالان کی مد میں پیسے وصول کررہے ہیں۔عدالت نے قرار دیا کہ اسمبلی نے قانون پاس نہیں کیا تو کیسے وصولیاں ہوسکتی ہیں، آئندہ سماعت پر وہ عدالتی حکم دکھائیں جس کے تحت وصولی کررہے ہیں۔