اسلام آباد (ویب ڈیسک)

پاک فضائیہ کا خصوصی طیارہ کورونا ویکسین لے کر پاکستان پہنچ گیا۔ خصوصی طیارہ چین سے ویکسین کی 5 لاکھ خوراکیں لے کر اسلام آباد پہنچا، معاون خصوصی فیصل سلطان نے کورونا ویکسین وصول کی۔

معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ سائنو فارم ویکسین کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچ گئی، ویکسین کیلئے انتھک محنت کرنیوالے ہر شخص کا شکر گزار ہوں، کورونا کا مقابلہ کرنے میں این سی او سی اور صوبوں نے اہم کردار ادا کیا، ویکسین سب سے پہلے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو لگائی جائے گی۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر این سی او سی نے اس حوالے سے اپنی حکمت عملی تیار کر لی۔ این آئی ایچ اسلام آباد میں ویکسین رکھنے کیلئے تمام اقدامات اٹھائے گئے۔ صوبائی اور ضلعی سطح پر ویکسین کوآرڈینیشن مراکز بھی قائم کیے گئے ہیں۔

ادھر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 26 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 11 ہزار 683 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 5 لاکھ 46 ہزار 428 ہوگئی۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 615 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 57 ہزار 796، سندھ میں 2 لاکھ 47 ہزار 249، خیبر پختونخوا میں 66 ہزار 214 بلوچستان میں 18 ہزار 823، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 909، اسلام آباد میں 41 ہزار 418 جبکہ آزاد کشمیر میں 9 ہزار 19 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 79 لاکھ 66 ہزار 981 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 34 ہزار 785 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 5 لاکھ ایک ہزار 252 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 92 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 26 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 11 ہزار 683 ہوگئی۔ پنجاب میں 4 ہزار 747، سندھ میں 3 ہزار 996، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 906، اسلام آباد میں 475، بلوچستان میں 195، گلگت بلتستان میں 102 اور آزاد کشمیر میں 262 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔