تھرپارکر ضمنی الیکشن’پولنگ اسٹیشن کو آگ لگا دی گئی، پی ٹی آئی کے 4 کارکن گرفتار
بیلٹ باکس جل گئے، پولنگ کا عمل کچھ دیر کے لیے متاثر ہوا جسے بعد میں بحال کر دیا گیا
آگ لگنے کے واقعہ سے الیکشن کمیشن کو آگاہ کر دیا، تحقیقات جاری ہیں،ایس ایس پی تھرپارکر
تھرپارکر (ویب نیوز)تھرپارکر کے حلقہ این اے221میں ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ کے دورانتحصیل چھاچھرو کے علاقہ کیسرار سموں میں شرپسندوں نے پولنگ اسٹیشن کو آگ لگادی جس میں بلیٹ باکس جل گئے جس کے باعث پولنگ کا عمل کچھ دیر کیلئے رک گیا جسے بعد میں بحال کیا گیا۔ سیکورٹی اداروں نے پی ٹی آئی کے امان اللہ سمون سمیت 4 کارکنوں کو حراست میں لیا۔تفصیلات کے مطابق اتوار کو قومی اسمبلی کے حلقے این اے 221 تھر پارکر ون میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کے دوران کیسرار سموں کے علاقے میں واقع گورنمنٹ بوائز پرائمری سکول میں قائم پولنگ سٹیشن میں آگ لگا دی گئی۔آگ لگنے کے باعث پولنگ کا عمل کچھ دیر کے لیے متاثر ہوا جسے بعد میں بحال کر دیا گیا اور اس پولنگ اسٹیشن پر بھی ووٹر اپنا ووٹ کاسٹ کر تے رہے ۔ واقعہ کے بعدسیکورٹی اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے امان اللہ سمون سمیت 4 کارکنوں کو حراست میں لیا۔ادھر ایس ایس پی تھر پارکر حسن سردار نے کہا کہ آگ لگنے سے بیلٹ باکسز جل گئے، تاہم بیلٹ پیپر محفوظ رہے۔ انہوں نے بتایا کہ آگ لگنے کے واقعہ سے الیکشن کمیشن کو آگاہ کر دیا۔ایس ایس پی تھر پارکر حسن سردار نے یہ بھی بتایا کہ آگ بظاہر حادثاتی طور پر لگی ہے، تاہم اس ضمن میں تحقیقات جاری ہیں۔ واضح رہے تھرپارکر این اے 221 پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی پیر نور محمد شاہ جیلانی کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔