اسلام آباد (ویب ڈیسک)

وفاقی وزیر امور کشمیر وگلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پور نے وفاقی حکومت کی طرف سے لائن آف کنٹرول پر رہائش پذیر متاثرہ آبادی کی بحالی کے لئے شروع کیے گئے 3.6 ارب مالیت کے پروجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ منصوبہ وزیر اعظم عمران خان اور وفاقی حکومت کی جانب سے ایل او سی پر رہائش پذیر عوام سے یکجہتی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا  کہ ایل او سی پر رہائش پذیر عوام نہ صرف آزاد کشمیر بلکہ پاکستان کی پہلی دفاعی لائن کا کردار ادا کر رہے ہیں اور پچھلی سات دہائیوں سے بھارت کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کا بڑے حوصلے اور عزم کے ساتھ مقابلہ کررہے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ہر سال ہزاروں کی تعداد میں رہائش پذیر عوام بھارتی اشتعال انگیزی سے متاثر ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایل او سی پر رہائش پذیر عوام کی بحالی کے 3.6 ارب روپے کے اس پروگرام  کے تحت763 حفاظتی بنکرز تعمیر کیے جارہے ہیں جن میں سے 512 بنکر ز پر کام تیزی سے جاری ہے۔وفاقی وزیر نے کہاکہ عوام کی حفاظت کے حوالے سے اہم نوعیت کے اس منصوبے کو بروقت مکمل کرنے کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔ انہو ں نے کہاکہ اس تاریخ ساز منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کا سہرا صرف اور صرف وزیراعظم عمران خان اور تحریک انصاف کی حکومت کو جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی واضح ہدایت تھیں کہ آزادکشمیر کی عوام کو بلخصوص ایل او سی کے نزدیک رہائش پذیر افراد کی حفاظت اور انفراسڑکچر کی بہتر سہولیات مہیا کرنی ہیں جس کے لیے مالی مشکلات کے باوجود فنڈز دیے گئے ہیں تاکہ عوام کو جلد سہولیات فراہم ہوسکیں۔