پی ڈی ایم کی بڑی کامیابی،یوسف رضا گیلانی کامیاب ، عبدالحفیظ شیخ کو شکست،حکومت کا نتیجہ چیلنج کرنے کا اعلان
یوسف رضا گیلانی نے  169 ووٹ لئے،عبدالحفیظ شیخ کو164 ووٹ آئے
خواتین کی نشست پر تحریک انصاف کی امیدوار فوزیہ ارشد کامیاب

اسلام آباد( ویب  نیوز)سینیٹ الیکشن میں وفاقی دارالحکومت کی جنرل نشست پر  پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی نے حکومتی امید وار عبدالحفیظ شیخ کو شکست دیدی ہے۔سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے عبدالحفیظ شیخ کو پانچ ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔ انہوں نے 169 ووٹ لئے جبکہ حکومتی امیدوار کے حصے میں 164 ووٹ آئے۔ ریٹرننگ افسر نے نیتجے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کو 169 جبکہ حفیظ شیخ کو 164 ووٹ ملے،سینیٹ الیکشن میں ٹوٹل 340 ووٹ ڈالے گئے جن میں سے 7 ووٹ مسترد کر دیئے گئے۔ اسی طرح انہوں نے اعلان کیا کہ  خواتین کی نشست پر تحریک انصاف کی امیدوار فوزیہ ارشد نے 174 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی جبکہ مسلم لیگ ن کی امیدوار فرزانہ کوثر

نے 161 ووٹ لئے، اس انتخاب میں 5 ووٹ ضائع ہوئے۔عبدالحفیظ شیخ اور یوسف رضا گیلانی کے درمیان مقابلے کو ہی اپوزیشن اور حکومت کے درمیان سب سے بڑا اور اہم مقابلہ قرار دیا جا رہا تھا۔سینیٹ کی 37 خالی نشستوں پر انتخابات کے لئے پولنگ پارلیمنٹ ہاوس اسلام آباد، سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخواکی صوبائی اسمبلیوں میں ہوئی۔ پولنگ کا عمل صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہا۔وفاقی دارالحکومت میں پاکستان تحریک انصاف کے عبدالحفیظ شیخ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سید یوسف رضا گیلانی جنرل نشست پر انتخاب لڑ رہے تھے جبکہ خواتین کی نشست پر پاکستان تحریک انصاف کی فوزیہ ارشد اور پاکستان مسلم لیگ ن کی فرزانہ کوثر مدِمقابل آئیں۔دریں اثناء وفاقی حکومت نے سینیٹ انتخابات میں یوسف رضا گیلانی کی جیت کو چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گِل کا کہنا تھاکہ غیر حتمی طور پر 7 ووٹ مسترد ہوئے ہیں اور 5 ووٹ کا فرق ہے۔ اپنے ٹویٹ میںانہوں نے اعلان کیا کہ ابھی اس نتیجہ کو چیلنج کریں گے۔  خیال رہے کہ اسلام آباد کی جنرل نشست پر قومی اسمبلی میں ووٹنگ ہوئی جس میں اپوزیشن امیدوار سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کامیاب قرار پائے۔حکومت کی جانب سے دوبارہ ووٹنگ کرائی گئی تاہم دوبارہ ووٹنگ میں بھی یوسف رضا گیلانی کامیاب قرار پائے۔یوسف رضا گیلانی حفیظ شیخ کو پانچ ووٹوں سے شکست دے کر اسلام آباد سے سینیٹر منتخب ہوگئے