اسلام آباد: ( ویب  نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان کو اپنی اسمبلی سے شکست دلوانا تاریخی کامیابی ہے۔ یوسف رضا گیلانی کو چیئر مین سینیٹ منتخب کرائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ تین دفعہ گنتی کرائی گئیں، عمران خان سپورٹس مین سپرٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے شکست تسلیم کر لیں۔ ہم نے ضمنی اور سینیٹ الیکشن میں حکومت کو شکست دی ہے، کٹھ پتلی حکومت کے خلاف جنگ جاری رہے گی، ظالم حکومت کو جلد گھر بھیجیں گے۔ اگر ان میں شرم ہوتی تو مستعفی ہو جاتے، شہباز شریف اور فضل الرحمان کے پاس جاؤں گا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے فاتح امیدوار یوسف رضا گیلانی کو چیئر مین سینیٹ منتخب کرائیں گے۔ یہ ایک قسم کا پی ٹی آئی ایم ایف پروگرام پرعدم اعتماد ہے۔

پی پی چیئر مین کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم میں تمام فیصلے مشاورت سے ہوتے ہیں، پی ڈی ایم کا مستقبل روشن ہے، از خود کوئی اعلان نہیں کروں گا پی ڈی ایم میں فیصلہ ہو گا، پی ڈی می اور جمہوریت کا مستقبل روشن ہے۔ پاکستان کے جمہوری سفر کا ایک نیا دور شروع ہونے جارہا ہے، ناکامی پر وزیراعظم عمران خان کو استعفیٰ دے دینا چاہیے، جمہوریت بہترین انتقام ہے، حکومت ہار چکی ہے اور پاکستان کے عوام جیت چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کہا تھا کہ سینیٹ الیکشن کے بعد لانگ مارچ یا عدم اعتماد بھی ہو گا، وقت کا تعین کریں گے کہ عدم اعتماد اور لانگ مارچ کب کرنا ہے۔

اس موقع پر سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ سب کی نگاہیں اسلام کی سیٹ پر تھیں، کامیابی پر سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، آج کی کامیابی سے جمہوریت کی فتح ہوئی ہے، پی ڈی ایم جماعتوں کا شکر گزار ہوں۔ پی ڈی ایم کے لیے اسلام آباد کی جنرل نشست بہت اہم تھی۔