کراچی (ویب ڈیسک)
پاکستان کرکٹ بورڈ نے کورونا کے بڑھتے کیسز کے سبب پاکستان سپر لیگ 6 کو ملتوی کر دیا۔
بتایا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور فرنچائزز مالکان کی ورچوئل میٹنگ ہوئی جس میں کرکٹ میلے کے چھٹے ایڈیشن کوملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اس حوالے سے باضابطہ اعلان بھی کر دیا گیا ہے۔ میٹنگ میں غیر ملکی کھلاڑیوں کو وطن واپس بھیج کر ملکی کھلاڑیوں سے لیگ کروانے کا آپشن بھی زیر بحث آیا جبکہ لاہور کے میچز کراچی شفٹ کرنے پر بھی اتفاق نہ ہوا جس پر لیگ کو غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اس سے قبل 2 ٹیموں کے مزید 3 کھلاڑیوں کی کورونا رپورٹ مثبت آئی جس کی پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے تصدیق بھی کی گئی ہے، متاثرہ کھلاڑی 10روز تک آئسولیشن میں رہیں گے۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل کی مختلف ٹیموں کے مجموعی طور پر 7 ارکان کورونا میں مبتلا ہو چکے ہیں۔ اس سے پہلے کراچی کنگز کے آل راونڈر ڈین کرسٹین نے پی ایس ایل سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا۔ سپر لیگ 6 کے اب تک 14 میچ ہو چکے ہیں۔ گذشتہ برس ہونے والا سپر لیگ ایڈیشن بھی کورونا کے سبب ملتوی کر دیا گیا تھا۔