لاہور (ویب ڈیسک)

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کورونا کی حالیہ لہر کے پیش نظر نئے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرانے کی ہدایت کر دی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی موجودہ لہر پہلے سے زیادہ خطرناک ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ متعلقہ حکام نئے ایس او پیز پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنائیں، عوام کی زندگیوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانا اولین ترجیح ہے، بزرگ شہریوں کو کورونا ویکسین لگانے کا کام مزید تیز کیا جائے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ پولیس، انتظامیہ بازاروں اور مارکیٹوں کی بندش کے حوالے سے مقررہ اوقات کی پابندی کرائیں، تاجر برادری کا پورا احساس ہے، کورونا مریضوں کی بڑھتی تعداد کے باعث ضروری اقدامات اٹھائے ہیں، تاجر برادری عوام کی زندگیوں کو مقدم رکھے۔

دوسری جانب کورونا کیسز کی شرح میں اضافے کے بعد نئے اقدامات کئے گئے۔ پنجاب کے سات شہروں میں سمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا گیا۔ لاہور، راولپنڈی، سرگودھا، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ اور گجرات میں نئی پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔

مارکیٹس اور بازار 29 مارچ تک شام 5 بجے بند ہوں گے جبکہ ہفتے اور اتوار کو مکمل شٹر ڈاؤن ہوگا۔ تفریحی مقامات اور پارکس کو شام 6 بجے تالے لگ جائیں گے۔ سینما ہالز، تھیٹرز، میرج ہالز، کمیونٹی سنٹرز اور مارکیز مکمل بند ہیں، صرف کھلے مقامات پر تقریبات کی اجازت ہوگی جن میں تین سو سے زائد افراد شرکت نہیں کرسکیں گے۔

ریسٹورنٹس اور کیفے میں صرف ٹیک اوے کی اجازت ہے جبکہ میڈیکل سروسز، پٹرول پمپس، اشیا ضروریہ کی دکانیں چوبیس گھنٹے کھلی رہیں گی۔ سرکاری اور نجی دفاتر میں صرف 50 فیصد سٹاف بلانے کی اجازت ہے۔

کورونا کے بڑھتے کیسز کے بعد اسلام آباد انتظامیہ نے مزید دو سیکٹرز کو سیل کر دیا۔ جی سکس 2 اور جی ٹین فور کو بھی سیل کر دیا گیا۔ اس سے پہلے سیکٹر ایف الیون ون، آئی ایٹ فور اور آئی ٹین ٹو میں سمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا تھا۔ وفاقی دارالحکومت میں تجارتی سرگرمیاں جمعے سے اتوار تک بند رہیں گی، تمام تفریحی مقامات، پارکس وغیرہ بھی ان تین ایام میں بند رہیں گے۔

راولپنڈی کے 4 علاقوں میں بھی سمارٹ لاک ڈاؤن لگ گیا ہے۔ صادق آباد گلی نمبر 4، علامہ اقبال کالونی کی گلی نمبر 27، عزیز آباد کی قصر ابو طالب اور ڈھوک پراچہ میں نقل و حرکت محدود کر دی گئی۔