مریم نواز کو ضمانت کے بعد تفتیش کیلئے طلب کیا گیا، نیب کے سامنے پیش نہیں ہوئیں،وکیل نیب
لاہور (ویب ڈیسک)
لاہور ہائیکورٹ نے نیب کی مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی ضمانت منسوخی کیلئے درخواست پر نوٹس جاری کر دیا ۔ پیر کولاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سرفراز ڈوگر پر مشتمل 2 رکنی بنچ نے چودھری شوگر ملز کیس میں نیب کی مریم نواز کی ضمانت منسوخی کیلئے درخواست پر سماعت کی۔ نیب کی جانب سے خلیق الزماں اور فیصل بخاری عدالت میں پیش ہوئے۔ وکیل نیب نے کہا کہ مریم نواز اپنی ضمانت کا غلط استعمال کر رہی ہیں، جس پر عدالت نے استفسار کیا مریم نواز نے ضمانت کا غلط استعمال کیا کیا ؟۔وکیل نیب نے دلائل میں کہا کہ مریم نواز کو ضمانت کے بعد تفتیش کیلئے طلب کیا گیا، لیگی رہنما نیب کے سامنے پیش نہیں ہوئیں، مریم نواز نے پیش ہونے کے بجائے نیب آفس پر پتھرا ئوکرایا، نیب نے پتھرائو کے معاملے پر مقدمہ بھی درج کرایا۔ عدالت نے نیب وکیل سے استفسار کیا آپ کن بنیادوں پر ضمانت خارج کرانا چاہتے ہیں ؟ نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر نے کیس فائل کیا وہ کیوں دلائل نہیں دے رہے، وکیل نے کہا کہ اس کیس کو میں دیکھ رہا، اس لیے دلائل دے رہا ہوں۔عدالت نے نیب کی درخواست باقاعدہ سماعت کیلئے مقرر کرتے ہوئے مریم نواز کو نوٹس جاری کردیا اور 7اپریل تک جواب طلب کر لیا۔