بزرگ شہریوں کوویکسینیشن لگانے کے عمل کا مشاہدہ کیا
بزرگ شہریوں کیلئے سہولیات کا بھی جائزہ لیااوران کی خیریت دریافت کی،
ہمیں یہاں ویکسین لگواتے ہوئے کسی قسم کا کوئی مسئلہ درپیش نہیں، عزت کیساتھ ویکسین لگائی جاتی ہے
اللہ تعالیٰ آپ کو ویکسینیشن کیلئے مثالی انتظامات کرنے پر اجر دے اور دکھی انسانیت کی مزید خدمت کی توفیق دے
مجھے یہ جان کر خوشی ہوئی کہ بزرگ شہریوں کی عزت و احترام کے ساتھ ویکسینیشن کی جا رہی ہے:عثمان بزدار
وزیراعلیٰ کاچلڈرن ہسپتال کا دورہ،بحریہ ٹاؤن انٹرنیشنل ہاسپیٹلز کے تعاون سے تعمیر ہونیوالے نئے ایمرجنسی بلاک کا افتتاح کیا
نئے ایمرجنسی بلاک میں علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ لیااور نئے جدید آپریشن تھیٹرز کامعائنہ کیا، آئی سی یو وارڈز کا بھی دورہ کیا
اس نیک کام میں تعاون پر بحریہ ٹاؤن انٹرنیشنل ہاسپیٹلز کے شکرگزار ہیں،چلڈرن ہسپتال کو یونیورسٹی کا درجہ دیا جائیگا:وزیراعلیٰ
لاہور (ویب ڈیسک)
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے آج ایکسپو سینٹر میں قائم کورونا ویکسینیشن مرکز کا دورہ کیا اور بزرگ شہریوں کو انسداد کورونا ویکسین لگانے کے عمل کا مشاہدہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے ایکسپو سنٹر میں انسداد کورونا ویکسینیشن کیلئے آنے والے بزرگ شہریوں کیلئے فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ایکسپو سنٹر میں ویکسینیشن کرنے والے ہیلتھ ورکرز کی خدمات کو سراہا اور ان سے گفتگو کی۔ وزیراعلیٰ نے ویکسینیشن کیلئے موجود بزرگ شہریوں کی خیریت دریافت کی اور ایکسپو سنٹر میں موجود سہولتو ں کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ بزرگ شہریوں نے ایکسپو سنٹر میں دستیاب سہولتوں پر اطمینان کااظہار کیا۔ بزرگ شہریوں نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نے ایکسپو سنٹر میں بہترین انتظامات کئے ہیں۔ ہمیں یہاں ویکسین لگواتے ہوئے کسی قسم کا کوئی مسئلہ درپیش نہیں۔ یہاں عزت کے ساتھ ویکسین لگائی جاتی ہے۔ اللہ تعالیٰ آپ کو ویکسینیشن کیلئے مثالی انتظامات کرنے پر اجر دے اور دکھی انسانیت کی مزید خدمت کی توفیق دے۔ ویکسینیشن کیلئے آنے والے بزرگوں کے عزیز اقارب نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو بتایا کہ حکومت نے بزرگ شہریو ں کی ویکسینیشن کیلئے اچھے انتظامات کئے ہیں۔ عملہ ہر مرحلے پر شفقت سے پیش آتا ہے۔ ہم آپ کے انتظامات کو سراہتے ہیں اور ان انتظامات کیلئے آپ اور آپ کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب بھر میں ہیلتھ ورکرز کے ساتھ بزرگ شہریوں کو بھی انسداد کورونا ویکسین لگانے کا مرحلہ شروع ہو چکا ہے جس کیلئے ہر ضلع میں سنٹرز قائم کئے گئے ہیں اور انتظامات اور سہولتوں کا جائزہ لینے کیلئے میں نے ایکسپو سنٹر کا مشاہدہ کیا ہے اور مجھے یہ جان کر خوشی ہوئی کہ بزرگ شہریوں کی عزت و احترام کے ساتھ ویکسینیشن کی جا رہی ہے۔ حکومت عوام کو کورونا سے بچانے کیلئے ضروری اقدامات کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مزید بتایا کہ کورونا کی حالیہ لہر خطرناک صورتحال اختیار کر رہی ہے۔ ان حالات میں اجتماعات دانشمندی نہیں۔ ہم سب کو اولین ترجیح کے طور پر شہریوں کی زندگیوں کا تحفظ کرنا ہے۔ ذاتی مفادات کیلئے انسانی زندگی سے کھیلنا سنگدلی سے کم نہیں۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ، کمشنر لاہور ڈویژن اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے چلڈرن ہسپتال کا دورہ کیا اور بحریہ ٹاؤن انٹرنیشنل ہاسپیٹلز کے تعاون سے تعمیر ہونے والے نئے ایمرجنسی بلاک کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے نئے ایمرجنسی بلاک میں علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ لیا اور نئے بننے والے جدید آپریشن تھیٹرز کا بھی معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے آپریشن تھیٹرز میں بچوں کے علاج معالجے کیلئے جدید طبی مشینری کی تنصیب پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے آئی سی یو وارڈز کا بھی دورہ کیا اور زیر علاج بچوں کی خیریت دریافت کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے زیرعلاج بچوں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ایمرجنسی بلاک کے مختلف حصے دیکھے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نئے ایمرجنسی بلاک میں بچوں کے علاج معالجے کی جدید ترین سہولتیں دیکھ کر خوشی ہوئی ہے اوراس نیک کام میں تعاون پر بحریہ ٹاؤن انٹرنیشنل ہاسپیٹلز کے شکرگزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو بیماریوں سے بچانا ہے اور انہیں معیاری علاج معالجہ مہیا کرنا ہے اور یہی وجہ ہے کہ شعبہ صحت کو بہتر بنانے کے پروگرام کا خود جائزہ لے رہا ہوں۔لاہور سمیت پنجاب میں ہیلتھ کیئر کی معیاری سہولتوں کی فراہمی ہر صورت مزید بہتر بنائیں گے،چلڈرن ہسپتال کو یونیورسٹی کا درجہ دیا جائے گا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو چلڈرن ہسپتال کے نئے ایمرجنسی بلاک کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، سیکرٹری سپیشلائزڈ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، چلڈرن ہسپتال کے ڈاکٹرز اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔