مقبوضہ کشمیر:شوپیان میں تصادم ختم، چار حریت پسند شہید ، فوجی زخمی
سرینگر (ویب نیوز )
مقبوضہ کشمیر میں جنوبی کشمیر کے شوپیان ضلع میں سیکیورٹی فورسز اور حریت پسندوں کے درمیان تصادم میں چار حریت پسند شہید ہو گئے جبکہ ایک فوجی اہلکار زخمی ہوا۔ساوتھ ایشین وائر کے مطابق حریت پسندوں کی اطلاع موصول ہونے کے بعد بھارتی فورسز اہلکاروں نے ضلع کے مانی ہل بٹہ پورہ علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن شروع کیا تھا۔
ضلع میں موبائل انٹرنیٹ خدمات بھی معطل کر دی گئی ہیں۔کشمیر زون پولیس نے ایک ٹویٹ بھی کیا ہے جس میں انہوں نے تین حریت پسندوں کی شہادت کی تصدیق کی ہے۔ گولیوں کے تبادلے میں ایک فوجی اہلکار سچن کمار بھی زخمی ہوا ہے۔ جو راشٹریہ رائفلز کی 34 بٹالین سے وابستہ ہے۔شہید حریت پسندوں میں عادل ساکنہ کٹہ پورہ، عاقب ساکنہ ارشی پورہ، رائیس ساکنہ امام صاحب اور وسیم ساکنہ بمنی پورہ شامل ہیں۔ تاہم پولیس نے اس کی تصدیق نہیں کی ہے۔
اس سے قبل، فوج کی 34 راشٹریہ رائفلز، سی آر پی ایف کی 178 بٹالین اور جموں و کشمیر پولیس نے اتوار کی رات قریب ساڑھے نو بجے مانی ہل بٹہ پورہ امام صاحب علاقے میں حریت پسندوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع موصول ہونے پر سخت ترین محاصرہ کیا اور گھر گھر تلاشی آپریشن کے دوران حریت پسندوں اور فورسز اہلکاروں کے مابین آمنا سامنا ہوا۔