پٹن علاقے سے ایک نیم بوسیدہ عدم شناخت لاش بر آمد
سرینگر جموں شاہراہ پر ٹرک پہاڑ سے کھسکنے والے ایک پتھر کی زد میں آ گیا ٹرک کا ہیلپر جاں بحق

سرینگر (ویب ڈیسک)

مقبوضہ کشمیر کے گرمائی دارلحکومت سرینگر کے وسیع علاقوں کا قابض بھارتی فوج نے محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کردیا ہے،کئی نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا،پریشن عسکریت پسندوں کی جانب سے قابض فوج پر ایک حملے کے بعد شروع کیا گیا ہے،جنوبی کشمیر سمیت وادی کے کئی علاقوں میں لوگوں نے بھارتی فوجی مظالم کے خلاف احتجاج مظاہرے کئے ،کے پی آئی کے مطابق سرینگر کے وسیع علاقوں کا قابض بھارتی فوج نے محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کردیا ہے ،اس دوران لوگوں کو گھروں سے باہر نکال کر ان کی شناختی پریڈ کے علاوہ تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے ،متعدد نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا ہے ،قابض فوجیوںنے جمعرات کو سرینگر کے علاقے لاوے پورہ میں ایک جھڑپ کے دوران ایک سب انسپکٹر اور ایک کانسٹیبل کی ہلاکت کے بعد شہر کے مختلف علاقوںمیں گھر گھر تلاشی کی پر تشدد کارروائی شروع کی تھی۔ بھارتی سینٹرل ریزروپولیس فورس کے سینئر عہدار نے کہا ہے کہ حملہ آوروں کی گرفتاری کیلئے علاقے میں بڑے پیمانے پر ناکے لگائے گئے اور تلاشی کی کارروائی جاری ہے۔ آئی جی پولیس کشمیر وجے کمار نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس نے دو نوجوانوںکو گرفتار کیا ہے اور حملے میں استعمال ہونے والی گاڑی کو بھی قبضے میں لے لیا ہے۔اس سے قبل سی آر پی ایف کے ترجمان او پی ایس تیواری نے کہا تھا کہ”سری نگر کے مضافاتی علاقے لاوے پورہ میں عسکریت پسندوں نے ای کمپنی 73 بٹالین سی آر پی ایف کی آر او پی ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں پر حملہ کیا جس میں چارسی آر پی ایف اہلکار زخمی ہوگئے جن کو 92آرمی بیس اسپتال منتقل کیا گیا جس میں پہلے ایک اہلکار اور بعد میں ڈرائیور کی موت واقع ہو ئی ۔ تاہم لاوے پورہ حملے کے متعلق انسپکٹر جنرل پولیس کشمیر زون وجے کمار نے بتایا کہ نامعلوم مسلح عسکریت پسندوں کے حملے میں ایک سی آر پی ایف اہلکار ہلاک جبکہ تین زخمی ہوگئے ہیں۔بعد میں ایک اور کانسٹیبل زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ بیٹھا۔ عسکریت پسندوں کی گرفتاری کے لئے پورے علاقے کوگھیرے میں لیا گیا۔انہوں نے دعوی کیا کہ یہ حملہ لشکر طیبہ نے کیا ۔ وادی کے دوسرے علاقوں میں بھی بھارتی قابض فوج نے تلاشی کارروائیاں جاری رکھی ہیں،جنوبی اور وسطی کشمیر کے کئی علاقوں میں بھارتی فوج کی ظالمانہ کارروائیوں کے خلاف لوگوں نے جمعہ کو احتجاجی مظاہرے کئے ،دریں اثناء شمالی کشمیر میں ضلع بارہمولہ کے پٹن علاقے میں جمعہ کی صبح ریلوے سٹیشن کے نزدیک ایک نیم بوسیدہ عدم شناخت لاش بر آمد ہوئی۔ مقامی لوگوں نے لاش کو دیکھتے ہی پولیس کو اس بارے میں مطلع کیا۔پولیس نے فوری طور پر لاش کو تحویل میں لیکر قانونی کارروائی شروع کی ہے،علاوہ ازیں سرینگر جموں شاہراہ پر رام بن میں ڈگڈول کے نزدیک جمعہ کی صبح ایک درماندہ ٹرک پہاڑ سے کھسکنے والے ایک پتھر کی زد میں آیا جس کے نتیجے میں ٹرک کا ہیلپر جاں بحق ہوگیا۔  مذکورہ ٹرک کے مہلوک ہیلپر کی شناخت پولیس نے جنید احمد بٹ کے طور کی ہے۔دریں اثناحکام نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ شاہراہ پر سفر کا ارادہ کرنے سے قبل ٹریفک حکام سے شاہراہ کے بارے میں جانکاری حاصل کریں۔