کریم کا حکومتی اقدامات میں تعاون‘سپر ایپ میں کوویڈ ویکسین کی ٹرانسپورٹ سروس متعارف
سپر ایپ پر ویکسینیشن سینٹر کا مقام، فون نمبر اور کام کے اوقات کار سمیت تمام تفصیلات دستیاب
کریم کی جانب سپر ایپ میں تمام معلومات کی فراہمی کیلئے نیا ٹول/ویجٹ تیار

کراچی (ویب نیوز )

کریم نے اپنی سپر ایپ میں ایک نیا فیچر متعارف کرادیا ہے جس سے صارفین پاکستان میں کسی کوویڈ 19کے ویکسینیشن سینٹر کیلئے صرف 2کلک پر رائڈ بک کر سکتے ہیں۔ نئے ’Get Vaccinated‘ ٹول میں حکومتی ذرائع سے ملک میں فراہم کردہ ویکسینیشن سینٹرز کی تفصیلی معلومات فراہم کردی گئی ہے، جس میں ان کی اہلیت، اوقات کار اور ملک بھر میں ان سینٹرز کے مقامات کی معلومات دستیاب ہیں۔ ایپ میں اس ٹول کے ذریعہ صارفین آسانی سے نزدیکی ویکسینیشن سینٹر کیلئے ٹریفک جام اور پارکنگ کی دشواریوں سے بچتے ہوئے رائڈ بک کر سکتے ہیں۔

کریم پاکستان کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر اور کنٹری جنرل منیجر ذیشان بیگ کا کہنا ہے کہ ہم وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے شکر گزار ہیں کہ ان کی انتھک محنت سے شہریوں کیلئے ویکسینیشن تک رسائی آسان ہوئی ہے۔ ہم پاکستان بھر میں ان لوگوں کو جو ویکسین لگوانا چاہتے ہیں، ان کیلئے یہ طریقہ کار آسان بنانے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔

صارفین ان 10شہروں میں جہاں کریم دستیاب ہے، سپر ایپ کی ہوم اسکرین پر برا ہ راست اس نئے ٹول تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں، جو رائڈ، فوڈ اورڈیلیوری سروس کے تھمب نیل کے نیچے موجود ہے۔ ایپ کے ذریعہ لوگ نزدیکی ویکسینیشن سینٹر کی جگہ معلوم کر سکتے ہیں اور وہاں اپوائنٹمنٹ بھی بک کرا سکتے ہیں۔

کمپنی کے مطابق رواں ماہ حکومت کی جانب سے ویکسینیشن کی فراہمی کا آغاز ہوتے ہی صارفین کی بڑی تعداد نے ویکسینیشن سینٹرز کیلئے رائڈز بک کیں۔ تا حال 10ہزار سے زائد صارفین ویکسین لگوانے کیلئے کریم کی رائڈ بک کر چکے ہیں۔ عالمی خبر رساں ادارے ریوٹرز کے اعدادو شمار کے مطابق پاکستان میں اب تک 3لاکھ 50ہزار سے زائد ویکسینز لگائی جا چکی ہیں۔

صارفین کے تجربہ کو بہتر بنانے اور ویکسینیشن کی کوششوں میں اضافہ کیلئے کریم نے فوری طور پرپروڈکٹ منیجر، ڈیزائنرز اور انجینئرز پر مشتمل ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی جنہوں نے دنیا میں پہلی بار کسی ایپ میں ویکسینیشن ٹرانسپورٹ کا فیچر تیار کیا ہے۔ کیونکہ بیشتر ویکسینیشن سینٹر کا قیام حالیہ دنوں میں ہوا ہے اور وہ ابھی تک میپ پر ظاہر نہیں ہوتے، کریم نے ہر سینٹر کی لوکیشن، فون نمبر اور ویکسینیشن فراہم کرنے کے اوقات کار کی معلومات ایک ٹول میں فراہم کردی ہیں۔