مظفرآباد (ویب ڈیسک)

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن آزادکشمیر کے صدر ڈاکٹر شوکت حیات خان نے کہا ہے کہ ہم نے حکومت کو 2اپریل تک کاٹائم دیا ہے۔دو اپریل تک ٹوکن ہڑتال جاری رہے گی۔اس کے بعد اگر ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو حکومت کو مزید وقت نہیں دیاگیا۔اور تین اپریل سے آزادکشمیر بھر کے تمام ہسپتال میں ماسوائے ایمرجنسی کے کوئی کام نہیں ہوگا۔انہوں نے کہاکہ ہم ایمرجنسی بحال رکھیں گے ہم نہیں چاہتے کہ ہماری ہڑتال کے باعث ایمرجنسی کا کام متاثر ہو۔انہوں نے کہا کہ ہم کافی عرصہ سے حکومت کادروازہ کھٹکھا رہے ہیں۔ہم نے حکومت کو دو اپریل تک کا ٹائم دیاہے۔ اگرہمارے مطالبات جن میں ہیلتھ الاؤنس،سپیشل کیئرہیلتھ الاؤنس،نان پریکٹسنگ الاؤنس،اور پی جی اور میڈیکل آفیسر کی تنخوؤں میں اضافہ اور رسک الاؤنس شامل ہے یہ ہمارے جائز مطالبات حکومت پہلے سے ہی تسلیم کرچکی ہے مگر حکومت نے ابھی تک عمل درآمد نہیں کیا۔انہوں نے کہاکہ افسوس کامقام ہے کہ فرنٹ لائن پر کام کرنے والے ڈاکٹرزکے جائز مطالبات کوحکومت تسلیم کرنے کے باوجودٹال مٹول کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ کرونا کی موجودہ صورتحال میں ہم نہیں چاہتے کہ مکمل ہڑتال کریں جس کی وجہ سے آئیسولیشن ہسپتال،قرنطینہ سنٹر،کرونا ٹیسٹ لیبارٹری بند ہوجائیں اور لوگوں کو مشکلات کاسامنا کرنا پڑے۔اس لیے حکومت کو ہمارے مطالبات حل کرنا ہونگے۔حکومت کو ہماری تنخواؤں اور دیگر مطالبات کو ہرصورت پورا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ کرونا وائرس سے احتیاط کی ضرورت ہے۔لوگ کرونا وائرس کو سنجیدہ نہیں لے رہے۔تمام ایس او پیز کاخیال رکھا جائے۔