این اے 75ڈسکہ کے انتخابات کے لئے انتظامی اجلاس، فوجی نمائندہ بھی شریک

ڈسکہ(ویب  نیوز)سیکرٹر ی الیکشن کمیشن  اختر نذیر کی زیر صدارت  اہم انتظامی اجلاس  حلقہ این اے 75ڈسکہ ضلع سیالکوٹ میں منعقدہوا۔ کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن، ریجنل پولیس آفیسر گوجرانوالہ، ونگ کمانڈر رینجرز، نمائندہ پاکستان  آرمی، ڈپٹی کمشنر، سیالکوٹ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضمنی الیکشن کے ٹرانسپورٹیشن پلان، سیکورٹی پلان اور انتخابی ضابطہ اخلاق پر عمل درآمدکو یقینی بنانے کے حوالے سے کئے گئے اقداما ت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور ہدایات جاری کی کہ شفاف انتخابات کے انعقاد کے لئے الیکشن کمیشن، ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مل کر کام کریں۔ اس سے پہلے  چیف الیکشن کمشنر جناب سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اہم اجلاس دفتر صوبائی الیکشن کمشنر، پنجاب لاہور میں منعقد کیا گیا،جس میں حلقہ NA-75 سیالکوٹ میں ہونے والے ضمنی انتخاب کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔چیف الیکشن کمشنر نے تمام افسران کو ہدایات دیں کہ NA-75 سیالکوٹ کے ضمنی انتخاب کو شفاف اور غیر جانبدار بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھا ئے جائیں اور حلقہ میں سیکورٹی کے انتظامات اور انتخابی عمل سے متعلق صوبائی سطح پر بھی تمام سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ میں مانیٹرنگ ٹیموں کی تعداد کو بڑھا یا جائے گا، اور ریٹرننگ آفیسر کو انتظامی اور سیکورٹی امور سرانجام دینے کیلئے تمام ضروری وسائل بغیر کسی تاخیر کے مہیا کئے جائیں گے۔ چیف الیکشن کمشنر نے اس بات کو یقینی بنانے پر زور دیا کہ ہر پریذائیڈنگ آفیسر پولنگ کے اختتام پر پولنگ اسٹیشن کے اندر رہتے ہوئے فارم 45تیار کرے گا اور اس پر دستخط کرے گا۔ علاوہ ازیں ہر امیدوار اپنے پولنگ ایجنٹس کے تربیت کو یقینی بنائے اور آگاہ کرے کہ کوئی بھی پولنگ ایجنٹ پریذائیڈنگ آفیسر کا دستخط شدہ فارم 45 وصول کئے بغیر پولنگ اسٹیشن نہ چھوڑے۔مزید برآں چیف الیکشن کمشنر نے سختی سے ہدایت دی کہ انتخابی امیدواران یا ان کے الیکشن ایجنٹ کے علاوہ کوئی بھی سیاسی شخصیت نتائج کی وصولی کے دوران ریٹرننگ آفیسر کے دفتر میں ملاقات کے لئے نہیں آ سکے گی۔ اس سلسلے میں سیکیورٹی اہلکاران کو خاص ہدایات جاری کی جائیں گی۔ چیف  الیکشن کمشنر نے دفتر صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب میں ضمنی انتخاب کے حوالے سے کنٹرول روم کے قیام کی ہدایات دیں جس میں تمام  ضروری سہولیات موجود ہوں گی اور یہ 24 گھنٹے کھلا رہے گا۔ کنٹرول روم کے ٹیلی فون و ای میل پر عوام الناس،ضمنی الیکشن کے حوالے سے اپنی شکایات درج کرو ا سکیں گے اور انکی شکایات کے حل کیلئے فوری ایکشن لیا جائیگا۔ عوام الناس درج ذیل نمبرز پر شکایات درج کرا سکیں گے۔۔ کنٹرول روم دفتر صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب 042-99212607, 042-99212717. ۔      Fax: 042-99211021, Email: comptcellna75@gmail.com ۔۔ کنٹرول روم۔الیکشن کمیشن اسلام آباد۔ 051-9204402-03, Fax: 051-9204402۔۔ دفترصوبائی الیکشن کمشنر، پنجاب۔ 042-99211015، 0334-8807358 ۔ الیکشن کمیشن اسلام آباد۔ 051-9201915, Fax: 051-9205300, Email: cec@ecp.gov.pk ۔۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر  NA-75 سیالکوٹ۔ 052-3553063، 0333-6729172 ۔۔ ریٹرننگ آفیسر NA-75 سیالکوٹ۔ 052-3553063،  0302-9393223چیف الیکشن کمشنر نے دوران میٹنگ واضح کیا کے انتخابی عمل کی سیکورٹی اور انتظامات کے حوالے سے کسی بھی قسم کی کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔