پارلیمان میں منقسم اپوزیشن واضح ہو گئی…اپوزیشن جماعتوں کی پارلیمانی جماعتوں کے الگ الگ اجلاس

 شوکاز نوٹسز کے اجراء کی تصدیق ، پیپلزپارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی سے پی ڈی ایم نے ایک ہفتے میں جواب کر لیا

اسلام آباد (ویب  نیوز) پارلیمان میں منقسم اپوزیشن واضح ہو گئی۔ اپوزیشن جماعتوں کے پیر کو اجلاس الگ الگ ہوئے۔ شوکاز نوٹسز کے اجراء کی تصدیق کر دی گئی۔ پیپلزپارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی سے پی ڈی ایم نے ایک ہفتے میں جواب مانگ لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز پاکستان پیپلزپارٹی کی پارلیمانی پارٹی کا تنہا اجلاس ہوا جبکہ پی ڈی ایم کی پانچ جماعتوں مسلم لیگ (ن)، جے یو آئی، پختونخوا ملی عوامی پارٹی، بی این پی مینگل، نیشنل پارٹی کا الگ اجلاس ہوا۔ پیپلزپارٹی کے اجلاس کی صدارت اپوزیشن لیڈر سید یوسف رضا گیلانی نے کی۔ پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے اجلاس کی صدارت نذیر اعظم تارڑ اور مولانا عبدالغفور حیدری نے مشترکہ کی۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ حکومت کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بھی ہوا جس کی صدارت قائد ایوان شہزاد وسیم نے کی۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے پہلے سیشن کے پیش نظر کمیٹی رومز میں جا کر اراکین سینیٹ کا شکریہ ادا کیا۔ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی نے تصدیق کی کہ پی ڈی ایم کے سربراہ کی طرف سے پیپلزپارٹی اور اے این پی کو شوکاز نوٹسز بھجوائے گئے ہیں جو موصول ہو گئے ہیں۔ ایک ہفتے میں جواب مانگا گیا ہے۔ پی ڈی ایم کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ شوکاز نوٹسز دیدیئے گئے ۔ پیپلزپارٹی نے اپوزیشن لیڈر کے لئے کس طرح حکومتی ارکان سے ووٹ لئے ہیں۔ اس کی انہیں وضاحت دینا پڑے گی۔