یہ ہمارے لیے بڑی مشکلات پیدا کر رہے ہیں، عام شہریوں کو کتنی مشکلات کر رہے ہوں گے یہ لوگ؟

ہر مہینے ایس بی سی اے میں اربوں روپے جمع ہوتا ہے، دنیا کو معلوم ہے کون چلا رہا ہے اسے، چیف جسٹس

عدالت کا کمشنر کو باغ ابن قاسم کی تزئین و آرائش مکمل کرنے کا حکم، آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ طلب

 چیف جسٹس کا ڈی جی ایس بی سی اے کو نسلہ ٹاور گرانے کا حکم

گجر نالے کے آس پاس تجاوزات کیخلاف آپریشن کے متاثرین کی بڑی تعداد عدالت کے باہر احتجاج

پینشنرز اور اساتذہ تنظیموں کا بھی اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج،چیف جسٹس انصاف دو کے نعرے لگائے

کراچی (ویب ڈیسک)

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد خان نے کراچی تجاوزات کیس میں ریمارکس دئیے کہ کمشنر کراچی اور ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی(ایس بی سی اے) محض ربڑ اسٹیمپ ہیں،یہ ہمارے لیے بڑی مشکلات پیدا کر رہے ہیں، عام شہریوں کو کتنی مشکلات کر رہے ہوں گے یہ لوگ؟، سپریم کورٹ نے ہل پارک تجاوزات کیس میں مکینوں کی فریقین بننے کی درخواست مسترد کردی،جبکہ کمشنر کو باغ ابن قاسم کی تزئین و آرائش مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ طلب کرلی ۔جمعرات کو چیف جسٹس گلزار احمد خان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے کراچی رجسٹری میں مختلف کیسز کی سماعت کی۔اس موقع پر گجر نالے کے آس پاس تجاوزات کیخلاف آپریشن کے متاثرین کی بڑی تعداد عدالت کے باہر جمع ہوئی اور گھر کے بدلے گھر دو کے نعرے لگائے۔ پینشنرز اور اساتذہ تنظیموں نے بھی اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کیا اور چیف جسٹس انصاف دو کے نعرے لگائے۔چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاھ عدالت میں پیش ہوئے۔ کمشنر کراچی کی جانب سے ڈپٹی کمشنرز کی رپورٹ پیش کرنے پر عدالت نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔ کمشنر کراچی نے کہا کہ شہر میں ہاکی گرائونڈ، کھیل کے میدان بنا دئیے ہیں۔چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ کمشنر کراچی کو فارغ کریں، انہیں تو کراچی کے بارے میں کچھ معلوم ہی نہیں، انہیں کہاں سے امپورٹ کیا؟ ہمارا آرڈر کیا تھا اور یہ کیا بتا رہے ہیں، کمشنر کراچی، ڈی جی ایس بی سی اے کو معلوم نہیں کتنے نیب ریفرنس بنیں گے ان کے خلاف، یہ ربڑ اسٹیمپ ہیں بس، یہ ہمارے لیے بڑی مشکلات پیدا کر رہے ہیں، عام شہریوں کو کتنی مشکلات کر رہے ہوں گے یہ لوگ؟۔جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ انہیں ڈپٹی کمشنرز کے بجائے اپنی رپورٹ پیش کرنی چاہیئے تھی۔چیف جسٹس نے کمشنر کراچی سے استفسار کیا کہ بتائیں ہل پارک کا کیا ہوا؟۔ کمشنر کراچی نے جواب دیا کہ کچھ مکینوں نے نظر ثانی درخواستیں دائر کی ہیں۔ مکینوں کے وکیل نے کہا کہ ہمیں معاوضہ دیں، 40، 45 سال پہلے گھر خریدے، نقشے موجود ہیں۔چیف جسٹس نے کہا کہ جنہوں نے گھر خریدے، انہیں سب معلوم تھا، میں کہیں جگہ لوں گا تو دیکھوں گا تو ضرور، جنہوں نے گھر خریدے وہ اتنے معصوم نہیں۔ عدالت نے ہل پارک تجاوزات کیس میں مکینوں کی فریقین بننے کی درخواست مسترد کردی۔کمشنر کراچی نے کہا کہ تیجوری ہائٹس اور کریک سائیڈ شاپنگ سینٹر کو عدالتی حکم پر سیل کر دیا، رائیل پارک میں سب ٹاور گرا دئیے، باغ ابنِ قاسم میں تعمیرات کو منہدم کردیا گیا۔عدالت نے کمشنر کراچی کو باغ ابن قاسم کی تزئین و آرائش مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔عدالت نے شاہراہ قائدین تجاوزات کیس میں نالے پر قائم نسلہ ٹاور کے بارے میں پوچھا تو کمشنر کراچی نے کہا کہ ایس بی سی اے نے کہا ہے کہ عمارت نالے پر نہیں۔چیف جسٹس نے کہا کہ ایس بی سی اے والے خود ملے ہوئے ہیں، کل سپریم کورٹ کی عمارت پر دعوی کردیں گے، سپریم کورٹ کا لے آئوٹ پلان لے آئیں گے تو ہم کیا کریں گے، کل سپریم کورٹ کی عمارت کسی کو دے دیں گے آپ لوگ، کل وزیراعلی ہائوس پر کسی کو عمارت بنوا دیں گے آپ لوگ، دنیا کو معلوم ہے کون چلا رہا ہے ایس بی سی اے، ہر مہینے ایس بی سی اے میں اربوں روپے جمع ہوتا ہے، سب رجسٹرار آفس، ایس بی سی اے اور ریونیو میں سب سے زیادہ پیسہ بنایا جاتا ہے، یہاں ایس بی سی اے بلڈر ہی کی تو ترجمانی کر رہا ہے، 50 سالہ پرانے علاقے میں اچانک کیسے ایک پلاٹ نکل آتا ہے؟، اچانک لیز کردی جاتی ہے؟۔ چیف جسٹس نے ڈی جی ایس بی سی اے کو نسلہ ٹاور کو گرانے کا حکم دے دیا۔فیروز آباد میں مختیار کار تعینات کرنے کے معاملہ پر چیف جسٹس نے کہا کہ وزیراعلی سندھ کو کہیں یہاں آئیں اور وضاحت دیں، تھوڑی دیر میں مختیار کار ڈی ایچ اے بھی آنے والا ہے۔ چیف جسٹس کے ریمارکس پر کمرہ عدالت میں قہقہے لگ گئے۔چیف جسٹس نے کہا کہ جب یہاں مختیار کار ہے تو پھر ڈی ایچ اے میں بھی تو مختیار کار ہوگا، کراچی کو مختیار کاروں میں بانٹ دیا گیا؟ اگر یہاں مختیار کار شہر کو آپریٹ کر رہا ہے تو پھر شہر گیا، کراچی میں مختیار کار نہیں، کمشنر کراچی ہی ہوتا ہے، یہاں تو اب کسی کی جائیداد محفوظ نہیں رہے گی، فیروز آباد میں مختیار کار پہلی مرتبہ سن رہا ہوں، یہاں سماعت کرنا بے کار ہے ہمارا، مختیار کار آگیا تو نو مور کراچی۔ عدالت نے مختیار کار فیروز آباد کو فوری طلب کرلیا۔