جہانگیر ترین ، علی ترین کی عبوری ضمانت میں 3 مئی تک توسیع
عدالت نے ایف آئی اے کو جلد تفتیش مکمل کرنے کی ہدایت، سماعت 3 مئی تک ملتوی
لاہور(ویب نیوز) لاہور کی بینکنگ کورٹ نے منی لانڈرنگ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین اور علی ترین کی عبوری ضمانت میں 3 مئی تک توسیع کر دی۔ہفتہ کو بینکنگ کورٹ کے جج امیر محمد خان نے منی لانڈرنگ کیس میں جہانگیر ترین اور علی ترین کی عبوری درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ دونوں نے عدالت کے روبرو پیش ہو کر حاضری مکمل کرائی۔ وکیل جہانگیر ترین نے عدالت کو بتایا کہ 14 اپریل کو جہانگیر ترین اور علی ترین کو ایف آئی اے نوٹس ارسال کرتی ہے، ایف آئی اے نے جہانگیر ترین کے ڈیرہ فارمز سمیت تمام کاروبار کا ریکارڈ مانگ لیا۔وکیل نے موقف اپنایا کہ ایک دن کے نوٹس پر تمام چیزیں پیش کرنا ممکن نہیں تھا، امن و امان کی صورتحال کے باعث سب چیزیں پیش کرنا ممکن نہیں تھا، 19 اپریل کو ایف آئی اے میں پیش ہونگے۔ عدالت نے ایف آئی اے کو جلد از جلد تفتیش مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے جہانگیر ترین اور علی ترین کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے سماعت 3مئی تک ملتوی کر دی ۔اس سے قبل جہانگیر ترین اور علی ترین بینکنگ کورٹ لاہور میں شوگر ملز، جعلی اکائونٹ کیس کی سماعت کے لیے پہنچے تو ان کے ہمراہ راجہ ریاض، سمیع گیلانی، مبین عالم، خواجہ شیراز، صوبائی وزیر نعمان لنگڑیال، اجمل چیمہ، رکن قومی اسمبلی نذیر چوہان، اسلم بھروانہ بھی تھے۔خرم لغاری، عمر آفتاب ڈھلوں، زوار بلوچ، نذیر بلوچ، لالہ طاہر رندھاوا، افتخار گوندل، سلمان نعیم، امین چوہدری سمیت مشیر اجمل چیمہ، عبدالحئی دستی، فیصل جبوانہ، رفاقت گیلانی، امیر محمد خان،عون چودھری اور عمران شاہ بھی ہمراہ تھے۔