قومی اسمبلی کا اجلاس ؛ اپوزیشن کی حکومت پر شدید تنقید اور نعرے بازی
اجلاس جمعرات کی دوپہر 2 بجے تک ملتوی

اسلام آباد(ویب  نیوز) قومی اسمبلی اجلاس کے دوران اپوزیشن کی جانب سے کالعدم ٹی ایل پی معاملے پر شدید تنقید کی گئی اور نعرہ بازی کی گئی،جے یو آئی(ف) کے مفتی عبدالشکور نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کیا عمران خان اور ان کے حامیوں نے پولیس پر حملہ نہیں کیا تھا، کیا ان پر پی ٹی وی پر حملہ کرتے ہوئے گولیاں چلائی گئی تھیں ، جلا وگھیرا واور دھرنے دینے والا خود اقتدار میں آیا تو گولیاں برسا دیں، تحریک لبیک کے کارکنوں پر ظلم ہوئے، ہم ان کے ساتھ ہیں، حکومت فیصلہ کرلے وہ فرانس کے ساتھ ہے یا رسول اللہۖ کی ناموس کے ساتھ ہے، وزیر داخلہ کو اس ایوان کا سامنا کرنا چاہئے۔پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی علی محمد خان نے کہا کہ اس ایوان کی تاریخ گواہ ہے کہ اس نے ہمیشہ ختم نبوت پر پہرہ دیا، علی محمد خان کی تقریر کے دوران اپوزیشن نے نعرے لگانے شروع کردیئے، خان کے ساتھ ہو یا ایمان کے ساتھ ہو۔ بعد ازاں اسپیکر اسد قیصر نے قومی اسمبلی کا اجلاس جمعرات کی دوپہر 2 بجے تک ملتوی کردیا۔