پی ٹی سی ایل کا صارفین کوبلو ں کی محفوظ ادائیگی کی سہولت کے لئے نفٹ (NIFT) کے ساتھ معاہدہ
اسلام آباد (ویب نیوز ) پاکستان ٹیلی کمیونیکشن کمپنی لمیٹڈ(پی ٹی سی ایل) نے اپنے آن لائن پلیٹ فارم کو فعال کرنے اور اس کے استعمال کو فروغ دینے کیلئے نیشنل انسٹی ٹیوٹیشنل فسیلی ٹیشن ٹیکنالوجیز(NIFT) کے ساتھ معاہدہ پر دستخط کئے ہیں جس کے تحت پی ٹی سی ایل کے صارفین پی ٹی سی ایل کی ویب سائٹ پرنفٹ (NIFT) کے ڈیجیٹل پیمنٹ گیٹ وے کے ذریعے بآسانی اور محفوظ طریقے سے اپنے بلوں کی آن لائن ادائیگی کرسکیں گے۔
محمد عامر صدیقی، ای وی پی گروپ فنانشل پلاننگ اینڈ ٹریثرری، پی ٹی سی ایل اور حیدر وہاب، سی ای او، این آئی ایف ٹی نے معاہدہ پر دستخط کئے۔ پاکستان میں ادائیگیوں کو قابل عمل بنانے والے سب سے بڑے پلیٹ فارم کی حیثیت سے نفٹ (NIFT) اپنے ڈی ایف ایس پلیٹ فارم (DFS Platform) پرمحفوظ ڈیجیٹل پیمنٹس کی سہولت نفٹ ای پے (NIFT ePay) کے ذریعے فراہم کرتا ہے۔
صارفین پی ٹی سی ایل ویب سائیٹ پر ای کامرس ٹرانزیکشن کیلئے پاکستان میں کسی بھی بینک اکاؤنٹ کو استعمال کرتے ہوئے آن لائن ادائیگی کرسکتے ہیں اور اس کے علاوہ ڈیبٹ/کریڈیٹ کارڈز اور ڈیجیٹل والٹس جیسے ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم سے آن لائن خریداری کیلئے بھی ادائیگی کی جاسکے گی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے، محمد عامر صدیقی، ای وی پی گروپ فنانشل پلاننگ اینڈ ٹرثری، پی ٹی سی ایل نے کہا ”اس شراکت داری سے ہمارے صارفین کیلئے بلوں کی موثر، آسان اور محفوظ ادائیگی کے اختیارات کی راہ ہموار ہوگی۔ یہ موقع بلوں کی بینک اکاوئنٹس یا والٹس سے با آسانی ادائیگی کے ساتھ ساتھ موجودہ کارڈزکے ذریعے ٹرانزیکشنز پر صارفین کے لئے نہ صرف بھروسہ کا احساس پیدا کرے گا بلکہ انہیں آسانی بھی فراہم کرے گا۔ ہم اپنے صارفین کو خدمات کی مسلسل فراہمی کیلئے ہمیشہ کوشاں رہتے ہیں جس سے ان کے تجربے میں اضافہ ہو۔“
اس شراکت داری پر گفتگو کرتے ہوئے، حیدر وہاب، سی ای او نفٹ (NIFT) نے کہا ” نفٹ (NIFT) کو پی ٹی سی ایل کے ساتھ شراکت داری پر انتہائی خوشی ہے اور وہ اسے ایک تذویراتی اشتراک کے طور پر دیکھتے ہیں جو ہمارے قابل بھروسہ اور محفوظ نفٹ ای پے(NIFT ePay) کے ذریعے پاکستان بھر میں بڑی تعداد میں صارفین کو بلوں کی ڈیجیٹل ادائیگیوں کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ یہ درست سمت میں ایک قدم ہوگا کیونکہ پاکستان میں آن لائن ٹرانزیکشنز کیلئے صارفین کو محفوظ طریقے فراہم کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ ہمار ارادہ ہے کہ اس طرح کی شراکت داریوں کے ساتھ ہم پاکستان میں ڈیجیٹل پیمنٹ کے فروغ میں تیزی لاسکیں گے۔“
اس طرح کے اشتراک کے ساتھ پی ٹی سی ایل اپنے صارفین کی سہولت اور آسانی کیلئے مسلسل کوشاں ہے تاکہ صارفین اپنے گھروں میں محفوظ رہتے ہوئے اپنے بلوں کی ادائیگی کرکے تمام سروسز سے فائدہ اٹھاسکیں۔