بینک آف آزاد جموں و کشمیر، صارفین کو ان کی دہلیز پر بینکنگ سہولیات کی فراہمی
2021میں 10نئی برانچز کھولنے کا ہدف،2نئی برانچز کھل گئیں، بینکنگ خدمات شروع
ریاستی بینک کی برانچز کی تعداد بڑھ کر 72ہو گئی،ریاست کے واحد مالیاتی ادارے کا برانچ نیٹ ورک پھیل گیا
دوردراز علاقوں میں بینکنگ سہولیات کی فراہمی، تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع دستیاب ہوں گے
مظفر آباد( ویب نیوز )بینک آف آزاد جموں و کشمیر کی جانب سے صارفین کو ان کی دہلیز پر بینکنگ سہولیات کی فراہمی اور سال 2021میں 10نئی برانچز کھولنے کے ہدف کے تحت مزید دو برانچز کھول دی گئیں اور ان میں بینکنگ خدمات شروع کر دی گئی ہیں۔پلندر ی کے اسلام نگر اور مسلم آباد علاقوں میں دو نئی برانچز کھولنے کے بعد ریاستی بینک کی برانچز کی تعداد بڑھ کر 72ہو گئی ہے۔سال 2021میں بینک کی جانب سے مزید 8برانچز کھولی جائیں گی۔جس کے بعد بینک کی برانچز کی مجموعی تعداد 80ہو جائے گی۔ رواں سال بینک آف آزاد جموں وکشمیرکی 10نئی برانچز کھولنے سے ریاست کے واحد مالیاتی ادارے کا نہ صرف برانچ نیٹ ورک پھیل جائے گابلکہ آزاد ریاست کے دوردراز علاقوں میں صارفین کو بینکنگ سہولیات کی فراہمی سے تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع بھی دستیاب ہوں گے۔بینک برانچز نیٹ ورک میں توسیع کو بینک کی کامیابی کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔