صنعتی شعبے میں ریسرچ کو فروغ دینے کیلئے آئی سی سی آئی اورنمل یونیورسٹی کے درمیان باہمی تعاون کا معاہدہ
اکیڈیمیا انڈسٹری مضبوط روابط قائم کر کے صنعتی شعبے کے مسائل کو بہتر حل کیا جا سکتا ہے۔ سردار یاسر الیاس خان
اسلام آباد ( ویب نیوز ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) اور نیشنل یونیورسٹی آف مارڈن لینگویجز (نمل) نے مشترکہ طور پر صنعتی شعبے میں ریسرچ کو فروغ دینے کیلئے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے۔ اس سلسلے میں نمل یونیورسٹی میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان اور نمل یونیورسٹی کے پرو ریکٹر ریسرچ اینڈ سٹریٹیجک انیشی ایٹوز ڈاکٹر محمد زبیر اقبال نے معاہدے پر دستخط کیے۔آئی سی سی آئی کی سینئر نائب صدر فاطمہ عظم، نائب صدر عبدالرحمٰن خان، نمل یونیورسٹی کے ریکٹر میجر جنرل (ریٹائرڈ) محمد جعفر، پرو ریکٹر ریسورسز اینڈ پلاننگ بریگیڈئیر محمد بدر ملک، پرو ریکٹر اکیڈمکس پروفیسر ڈاکٹر سفیر اعوان، ڈین اور ڈائریکٹرز کے علاوہ چیمبر کے ایگزیکٹو ممبران اسلم کھوکھر، عمر حسین، حافظ بلال منیر اور عمیس خٹک بھی اس موقع پر موجود تھے۔
باہمی تعاون کے معاہدے پر دستخط کر کے دونوں اداروں نے ایسے مشترکہ ریسرچ منصوبوں پر کام کرنے پر اتفاق کیا جس سے صنعتی شعبے کے اہم مسائل کو حل کرنے اور صنعتکاری کو بہتر فروغ دینے میں سہولت ہو۔ آئی سی سی آئی اپنی ممبر کمپنیوں میں نمل یونیورسٹی کے طلباء کو انٹرنشپ اور ملازمت کے مواقع فراہم کرنے میں تعاون کرے گا جبکہ نمل یونیورسٹی آئی سی سی آئی کے موجودہ صدر یا ان کے نامزد کردہ نمائندے کو اپنے کارپوریٹ ایڈوائزری بورڈ میں نمائندگی فراہم کرے گی تا کہ چیمبر کی مشاورت سے آئندہ کے تعلیمی پروگراموں کو حتمی شکل دی جائے۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ صنعتی شعبے کی بہتر ترقی کیلئے انڈسٹری اور اکیڈیمیا کے مابین مضبوط روابط کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیاں چونکہ جدید تحقیق و ترقی کے منصوبوں پر کام کرتی ہیں لہذا وہ صنعتی شعبے کے مسائل کا بہتر نکالنے اور صنعتوں کی کارکردگی کو بہتر کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں تاکہ صنعتی شعبہ ویلیو ایڈیڈ مصنوعات تیار کر کے برآمدات کو بہتر فروغ دے سکے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئی سی سی آئی اورنمل یونیورسٹی کے مابین باہمی تعاون کا معاہدہ صنعتی شعبے اور یونیورسٹیوں کے مابین پائیدار تعلقات استوار کرنے میں معاون ثابت ہو گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ چیمبر نمل یونیورسٹی کے طلباء کو مقامی صنعتوں میں انٹرنشپ اور ملازمت کے مواقع فراہم کرنے میں تعاون کرے گا۔
نمل یونیورسٹی کے ریکٹر میجر جنرل (ریٹائرڈ) محمد جعفر نے اپنے خطاب میں کہا کہ صنعتی شعبے میں ریسرچ کلچر کو فروغ دینا موجودہ وقت کا ضروری تقاضا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریسرچ پر بہتر توجہ دے کر ہی صنعتی شعبے کی مستقبل کی ضروریات کو بہتر انداز میں پورا کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان مقاصد کے حصول کیلئے اکیڈیمیا اور انڈسٹری مضبوط روابط کا فروغ بہت اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نمل یونیورسٹی صنعتی شعبے کی ضرورت کے مطابق تحقیق و ترقی کو فروغ دینے میں تعاون کر سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ نمل یونیورسٹی نے صنعتی مصنوعات کی نمائش کیلئے ایک مخصوص بلاک قائم کیا ہے لہذا چیمبر مقامی صنعتوں کی مصنوعات کی اس بلاک میں نمائش کیلئے ہر ممکن تعاون کرے۔