بھارت میں کورونا نے تباہی مچا دی ، بھارت آکسیجن پر چلا گیا
بھارتی عوام آکسیجن نہ ملنے پر سسک سسک کر دم تورنے لگے

نئی دہلی(ویب نیوز  )بھارت میں کورونا نے تباہی مچا دی ۔ اسپتال میں جگہ بچی نہ شمشان گھاٹوں میں کوئی جگہ بچی۔ لوگ آکسیجن کے لیے تڑپنے لگے۔بھارتی میڈیا کے مطابق کورونا کی وبا کا شکار بھارت آکسیجن پر چلا گیا۔ مسلسل کئی روز سے تین لاکھ مریض یومیہ سامنے آنے پر اسپتالوں میں بستر بچے نہ شمشان گھاٹوں میں جگہ بچی۔ کورونا کے بے رحم پنجوں میں جکڑے بھارتی عوام آکسیجن نہ ملنے پر سسک سسک کر دم تورنے لگے۔حکومت نے ہنگامی بنیادوں پر آکسیجن کی فراہمی  کیلئے کام شروع کر دیا۔ لکھن میں موجود آکسیجن پلانٹ نے  پوری صلاحیت کے ساتھ گیس کی فراہمی شروع کر دی ۔ ٹرین کے ذریعے بھی ملک کے مختلف شہروں میں آکسیجن کی فراہمی جاری ہے۔ بھارتی وزیر صحت ڈاکٹر ہارش وردھان  نے لوگوں کو صبروتحمل سے کام لینے کی اپیل کی ہے۔دوسری جانب بھارت کے کورونا ویکسین مراکز پر شہریوں کا رش بڑھ گیا۔ کورونا کی تباہی کو دیکھتے ہوئے شہریوں نے قطاریں بنا کر دھڑادھڑ ویکسین لگوانا شروع کردی ہے ۔ کئی مراکز پر کورونا کی ویکسین کی قلت پیدا ہو گئی ہے،کورونا کے باعث حالات کو بگڑتا دیکھ کر بھارت کے کئی شہروں میں لاک ڈاون نافذ کر دیا گیا ہے۔ ریاست اڑیسہ نے تیس اضلاع میں سخت پابندیاں لگا دی ہیں ۔ سڑکیں اور بازار سنسان دکھائی دیتے ہیں۔ بنگلور، بنارس اور دیگرشہروں میں سخت لاک ڈاون نافذ کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی نے یہ کہہ کر خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے کہ مئی میں بھارت کو وبا کے سونامی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انسٹی ٹیوٹ کی وارننگ کا نوٹس لیتے ہوئے دہلی  ہائی کورٹ نے حکومت سے وبا سے نمٹنے کیلئے انتظامات کے حوالے سے جواب مانگ لیا ہے،دریں اثناء بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے قوم سے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ کورونا کی دوسری لہر نے ملک کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ اس وقت ہم سائنسی ماہرین کے مشوروں کو ترجیح دیتے ہوئے یہ جنگ کو جیتے سکتے ہیں۔  انہوں نے کہا کہ کورونا وبا ہم سب کے صبر اور برداشت کا امتحان لے رہی ہے۔مودی نے کہا کہ حکومت ریاستی حکومتوں کے ساتھ ملکر کام کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومتیں بھی اپنی ذمہ داریوں کو نبھانے کی پوری کوشش کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ  ویکسین کے بارے میں کسی طرح کی افواہوں میں مت پھیلائیں ، کورونا کے اس بحران میں ، ویکسین کی اہمیت ہر ایک کو معلوم ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یکم مئی سے کورونا ویکسین 18 سال سے زیادہ عمر کے ہر ایک شہری کے لئے دستیاب ہو گی۔