اسلام آباد (ویب ڈیسک)
پاکستان میں ٹی سی ایف کے سولہ سو سے زائد سکولوں کو ڈیجیٹائز کرنے کے لیے جاز دی سٹیزن فاونڈیشن کے ساتھ تعاون کرے گا۔جس سے پورے پاکستان بشمول آزاد کشمیر کے 2لاکھ66ہزار طلبا مستفید ہونگے۔جازان تعلیمی اداروں میں استعمال ہونے والے پرانے ٹیبلٹس اور موبائل فونز کو بھی تبدیل کرنے میں معاونت کرے گا تاکہ ٹی سی ایف کے پرنسپل صاحبان کو اسکول مینجمنٹ ایپلی کیشن کو چلانے اور موثر طریقہ سے ڈیٹا جمع کرنے میں مددمل سکے۔
یہ اشتراک تین سال کے عرصہ پر مشتمل ہوگا۔اس دوران نصاب سازی میں معاونت، کمپیوٹرز لیب کی بحالی اور ڈیجیٹل اسکول مینجمنٹ سسٹم متعارف کرایا جائے گا۔ موجودہ کمپیوٹر لیبز کی بحالی اور آڈیو اور وڈیو کلاس رومزکی مدد سے ٹی سی ایف ڈیجیٹل تعلیم کا جدید نصاب متعارف کرائے گا۔یہ کلاس رومز پانچ سو بیٹریوں کی بیک اپ پاور سے مزین ہونگے۔اس سے اساتذہ آن لائن تعلیمی مواد کوکلاس روم کے روایتی طریقوں کے ساتھ ملا کر نصابی کتب میں دیے گئے تصورات کی بہتر تشریح کرسکیں گے۔ اس دوران 3 ہزار584 اساتذہ کو جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی تربیت بھی د ی جائے گی۔
اس حوالے سے بات کرتے ہوئے، ٹی سی ایف کے صدرو چیف ایگزیکٹیو آفیسر، سید اسد ایوب احمد نے کہاہے کہ،”اکیسویں صدی کے اس دور میں جدید تعلیم کا حصول ہر بچے کا بنیادی حق ہے۔ ہم کئی سال سے تدریسی عمل میں ٹیکنالوجی کے استعمال کے طریقوں پر تجربات کر رہے ہیں۔جاز نے ہماری معاونت صحیح وقت پرکی ہے کیونکہ اب ہم پاکستان میں تعلیم کو ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کے قابل ہو سکیں گے۔
جاز کے چیف کارپوریٹ اینڈ ریگولیٹری افیئرز آفیسر سید فخر احمد نے کہا ہے کہ”ٹی سی ایف کے ساتھ کئی سال پر محیط ہماری اس شراکت داری کا مقصد نوجوانوں کو موجودہ ڈیجیٹل دور کے مطابق معیاری تعلیم اور مہارت فراہم کرنا ہے۔ ہم ٹی سی ایف کو ڈیجیٹل تبدیلی کے قابل بنارہے ہیں تاکہ سیکھنے کا عمل موجودہ دور کی مہارتوں کے مطابق بنایا جاسکے۔
نوجوانوں کو ڈیجیٹل طورپر بااختیار بنانے اور پاکستانی حکومت کے ڈیجیٹل وژن کی تکمیل کے لیے جاز اپنے تمام تر وسائل اور تجربات بروئے کار لارہاہے۔یہ طویل مدتی شراکت داری ڈیجیٹل ترقی میں مددگار ثابت ہوگی۔